مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر سے وابستہ اندرون ملک اور بیرون ملک مقیم بعض جماعتی عہدیداران اور سوشل میڈیا متحرکین عبوری آئین ایکٹ 1974 میں آئینی ترامیم کے حوالے سے بے بنیاد افواہوں اور خلافِ حقائق بیانیوں کو فروغ دے رہے ہیں اور جماعتی قیادت و قومی سلامتی کے اداروں کیخلافمنفی مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔ یہ طرزِ عمل جماعتی نظم و ضبط، سیاسی روایات اور قومی مفاد کے صریحاً منافی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تحریک آزاد ی کشمیر کی ترویج ، عوامی حقوق کے تحفظ، گڈ گورننس اور فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی الیکشن، امبڑیالہ میں بڑی بیٹھک ،ن لیگی امیدواروں کی بھرپور حمایت کا اعلان
پاکستان کے ساتھ ہمارے نظریاتی، جغرافیائی اور معاشی رشتے مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی واضح کر چکے ہیں کہ ریاست کی حیثیت تبدیل نہیں کی جا رہی۔
آئینی اور قانونی اصلاحات کا مقصد آئین و قانون میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق بہتری اورجوابدہ طرزِ حکمرانی ہے نہ کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت اور قانون ساز اسمبلی کے انتظامی، مالی یا قانون سازی کے اختیارات میں کمی۔
لہٰذا ایسی مہم میں دانستہ یا غیر دانستہ طور پر شریک کارکنان اور عہدیداران کو سختی سے متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر اس طرزِ عمل سے باز آئیں۔
بصورتِ دیگر، ملوث افراد کیخلاف جماعتی نظم و ضبط کے قواعد کے تحت سخت ترین تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی چاہے کوئی کسی بھی جماعتی عہدے پر متمکن کیوں نہ ہو ۔
جماعتی اتحاد، قیادت کا احترام ، قومی سلامتی کے اداروں کا وقار ہماری سیاسی ذمہ داری ہیں۔ ان معاملات پر جماعتی پالیسی کیخلاف بیان بازی اورخلاف ِحقائق سوشل میڈیا پراپیگنڈہ مہم ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
خلاف ورزی کے مرتکب عہدیداران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو ان کی بنیادی رکنیت کی معطلی یا اخراج پر مبنی بھی ہو سکتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کونسل کے انتخابات، نون لیگ کی مرکزی قیادت نے تین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے
اگر کسی کو جماعتی پالیسی سے اختلاف ہے تو سوشل میڈیا یا الیکڑانک میڈیا پر بیان بازی کے بجائے تمام دستیاب جماعتی فورمز پر اپنا اختلاف رجسٹر کروانے کا جمہوری حق وہ استعمال کر سکتے ہیں ۔




