خواتین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد جموں و کشمیر (WCCI-AJK) نے خطے بھر میں خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، تجارتی مواقع کو وسعت دینے اور خواتین کی زیرِ قیادت قائم اداروں کو فعال بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مظفرآباد میں صدر سدرہ آزاد کی صدارت میں منعقدہ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں معروف کاروباری شخصیت نصرت درانی کو گورننگ باڈی کا نیا رکن منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں ادارہ جاتی ترجیحات، حکومتی رابطہ کاری اور کاروباری خواتین کی تربیت و مالی معاونت کو بہتر بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
سمیڈا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ اہم پیش رفت:
بورڈ نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (SMEDA) کی سی ای او نادیہ جہانگیر سیٹھ کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ اجلاس کے دوران سمیڈا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے دو خصوصی تربیتی پروگراموں کی منظوری دی گئی، جن کے دائرہ کار کو آزاد کشمیر کے تمام ڈویژنز تک پھیلایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں الیکٹرک ا سکوٹیوں کے چارجنگ ا سپاٹس ناپید، خواتین شدید مشکلات کا شکار
خواتین تاجروں کو درپیش سب سے بڑے چیلنج یعنی سرمائے تک عدم رسائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیمبر نے اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر مالیاتی شمولیت کو آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔
حکومتی سرپرستی، تنظیمی وسعت اور مستقبل کی ترجیحات:
ڈائریکٹرز بورڈ نے فیصلہ کیا کہ چیمبر کی باقاعدہ عمارت اور دفاتر کے حصول کے لیے وزیراعظم آزاد کشمیر، متعلقہ وزراء اور چیف سیکرٹری سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ادارہ جاتی صلاحیتوں کی مضبوطی، آفیشل ویب سائٹ کی تکمیل، مالیاتی و انتظامی ریکارڈز کی اپ ڈیٹنگ اور محکمۂ صنعت و سوشل ویلفیئر کے ساتھ تعاون بڑھانے کو بنیادی ترجیح قرار دیا گیا، جبکہ ‘مسلم ہینڈز’ کے ساتھ ممکنہ معاہدے (MoU) پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں نمائندگی کو مؤثر بنانے کے لیے بورڈ کے ہر رکن کو 10 نئے ممبران شامل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ صدر سدرہ آزاد نے زور دیا کہ اجتماعت، موثر قیادت اور عملی اقدامات کے ذریعے خواتین کو ہنر، فنڈنگ، اور مارکیٹ تک مکمل رسائی یقینی بنائی جائے گی۔




