اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے خبردار کیا ہے کہ عالمی معاشی بے یقینی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں مہنگائی کا دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
بین الاقوامی تنازعات کے اثرات عالمی منڈی میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑنے کے خدشات بھی موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں پاکستان کے طویل المدتی معاشی اصلاحاتی ایجنڈے سے متعلق ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا
وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معاشی ترقی کا سفر جاری ہے اور حکومت معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوام تنگ،عمرنذیر کشمیری،سردار امان، خواجہ مہران ریاست کے سامنے سرینڈر کریں،سینئر صحافی مجتبیٰ بٹ
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت موسم سرما میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
خام تیل سمیت توانائی کی دیگر ضروریات کی فراہمی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا موجودہ پروگرام آئندہ سال اکتوبر میں اختتام پذیر ہو جائے گا۔
حکومت ٹیکسوں کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ محصولات میں اضافہ اور ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔
امریکی اور مشرقی یورپی سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان کے بانڈز میں دلچسپی ظاہر کی ہے جو ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔
عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں اور معاشی حالات میں اتار چڑھاؤ پاکستان کے لیے ایک اہم چیلنج ہے۔
ایسے میں حکومت کیلئے مہنگائی پر قابو پانا، توانائی کی ضروریات پوری کرنا اور معاشی اصلاحات جاری رکھنا اہم ترجیحات ہوں گی۔




