مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے منتخب اراکین سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تجاویز طلب کرلی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ مال لوکل گورنمنٹ کے تحت ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے مختص51کروڑ 25لاکھ روپے کیلئے آزادکشمیر کے منتخب ممبران اسمبلی سے تجاویز طلب کرلیں۔
کشمیر ڈیجیٹل رپورٹ کے مطابق فی رکن اسمبلی ایک کروڑ 25لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم:بدتمیزی کا معاملہ،طالبات سراپا احتجاج، کارروائی کا مطالبہ
رپورٹ کے مطابق آزادکشمیر کا ایوان 53ممبران اسمبلی پر مشتمل ہے ۔ 33 حلقوں سے بذریعہ الیکشن منتخب ہوکر اسمبلی میں پہنچ چکے ہیں۔
جبکہ آٹھ ممبران مخصوص نشستوں پر منتخب کئے گئے ہیں۔اس طرح مہاجرین کی بارہ نشستوں پربھی منتخب ہونیوالے امیدوار اسمبلی کے ممبران بن چکے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کیلئے 51کروڑ 25لاکھ روپے مختص ہیں جبکہ اگر فی رکن اسمبلی کو 1کروڑ پچیس لاکھ روپے جاری کئے جاتے ہیں تو اکتالیس ممبران اسمبلی ان فنڈز سے مستفید ہونگے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈائریکٹرسپیریئر کالج ناصر محمود کے وارنٹ گرفتاری جاری،طلباء کا مستقبل دائو پر
رپورٹ کے مطابق جن ممبران اسمبلی سے تجاویز طلب کی گئی ہیں ان میں آزادکشمیر کے حلقوںاور مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران اسمبلی کو ہی یہ رقم جاری کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں مہاجرین کی نشستوں پر منتخب ہونےوالے ممبران اسمبلی شامل نہیں ہیں۔
ان منصوبوں میں شاہرات، پینے کے پانی کی سکیموں سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی سے ان کے حلقوں کی یونین کونسل کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔




