ڈائریکٹرسپیریئر کالج ناصر محمود کے وارنٹ گرفتاری جاری،طلباء کا مستقبل دائو پر

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کی تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی واجب الادا رقم اور کالج کی عمارت کے مالک کو کرایے کی عدم ادائیگی کا معاملہ، ڈائریکٹر سپیریئر کالج مظفرآباد ناصر محمود کے وارنٹ گرفتاری جاری ۔

دوسری جانب یونیورسٹی فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث مبینہ طور پر 130 طلبہ کے نتائج رکے ہوئے ہیں، جبکہ ایک سے دو سال قبل تعلیم مکمل کرنے والے بعض طلبہ کو تاحال ڈگریاں جاری نہیں ہو سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سحرش قمر کو یوتھ ایکسیلنس ایوارڈ مل گیا، سیاسی وسماجی حلقوں کی مبارکباد

تفصیلات کے مطابق سپیریئر کالج اور آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے درمیان واجبات کی ادائیگی کا معاملہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر اثرانداز ہو رہا ہے۔

یونیورسٹی کی تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی رقم واجب الادا ہے، جس کی عدم ادائیگی کے باعث طلبہ کو اپنے نتائج اور ڈگریوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرہ طلبہ کیلئے یہ صورتحال تشویش کا باعث ہے کیونکہ نتائج اور ڈگریاں بروقت نہ ملنے سے اعلیٰ تعلیم، ملازمتوں کے حصول اور دیگر تعلیمی و پیشہ ورانہ مراحل میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

طلبہ کی جانب سے اس معاملے کے فوری حل اور تعلیمی ریکارڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کالج کی عمارت کے مالک کے کرائے کی ادائیگی بھی واجبات کے معاملے میں شامل بتائی جاتی ہے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق عدالت میں مقدمے کی بار بار پیروی نہ ہونے پر آج ڈائریکٹر کالج ناصر محمود کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔

اہم سوال یہ ہے کہ ادارے اور یونیورسٹی کے درمیان مالی معاملات کی وجہ سے طلبہ کو کب تک نتائج اور ڈگریوں کے انتظار میں رہنا پڑے گا؟

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کالج میں زیر تعلیم طلبہ کا تعلیمی مستقبل کسی بھی مالی یا انتظامی تنازع سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

متعلقہ حکام سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ واجبات کے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کے نتائج اور ڈگریوں کے اجرا کے لیے قابلِ عمل حل نکالیں گے۔