مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے رقم منتقل کرنے کے بعد شہری کو مبینہ طور پر ایک ہزار روپے کا جعلی نوٹ تھمائے جانے کا معاملہ سامنے آگیا۔
جس کے بعد ڈیجیٹل مالیاتی لین دین کے ذریعے نقد رقم حاصل کرنے والے شہریوں کے تحفظ اور کاروباری مراکز کی جواب دہی سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری نے ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے رقم ٹرانسفر کی جس کے عوض اسے متعلقہ ایزی پیسہ شاپ سے نقد رقم ادا کی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخواپولیس کی تنخواہوں میں اضافہ، 120 فیصد الاؤنسز کی تجویز
شہری کے مطابق رقم وصول کرنے کے بعد جب اس نے نوٹوں کی جانچ پڑتال کی تو ان میں شامل ایک ہزار روپے کا ایک نوٹ مبینہ طور پر جعلی نکلا۔۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ جعلی قرار دیے جانے والے نوٹ کے بارے میں معلوم ہونے پر وہ اسے لے کر دوبارہ دکاندار کے پاس گیا اور صورتِحال سے آگاہ کیا تاہم دکاندار نے نوٹ واپس لینے سے انکار کر دیا۔
شہری کے مطابق اس صورتِحال کے باعث اسے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مسئلہ حل کرنے کی کوشش بھی کامیاب نہ ہو سکی۔
واقعے نے اس امر کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے عوض نقد رقم فراہم کرنے والے مراکز پر کرنسی کی اصلیت جانچنے کے مؤثر انتظامات ہونے چاہئیں۔ تاکہ عام شہریوں کو ممکنہ مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔
متاثرہ شہری نے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ جعلی نوٹ کی جانچ کرائی جائے اور معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: تجاوزات خاتمے کیلئے انتظامیہ متحرک، متعدد دکانیں سیل، گاڑیاں ضبط
شہری نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی قسم کی بے ضابطگی یا غیر قانونی عمل ثابت ہو تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جعلی کرنسی کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ۔
ایزی پیسہ سمیت دیگر مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے مراکز پر نقد رقم کی جانچ پڑتال کے نظام کو بہتر بنایا جائے، تاکہ مستقبل میں کسی دوسرے شہری کو ایسی صورتِ حال اور مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عوامی حلقوں کیلئے بھی یہ واقعہ ایک اہم تنبیہ ہے کہ نقد رقم وصول کرتے وقت نوٹوں کی جانچ پڑتال کی جائے اور کسی مشتبہ نوٹ کی صورت میں متعلقہ مالیاتی ادارے یا مجاز حکام سے رہنمائی حاصل کی جائے۔




