عوامی امور میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر عفت اعظم

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل/ عمر بھٹی راجپوت) ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی عفت اعظم کی زیر صدارت محکمانہ کارکردگی،ترقیاتی و انتظامی امور اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس میں ایس پی جہلم ویلی عطاء الرحمن سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر عفت اعظم نے مختلف محکموں کی مجموعی کارکردگی، جاری سرگرمیوں اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 اس موقع پر تمام محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، جاری منصوبوں، عوامی مسائل کے حل اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی امور میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر عفت اعظم

سرکاری امور میں بہتری، اداروں کی مؤثر کارکردگی اور عوامی شکایات کا ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں موسم سرما کی آمد اور ممکنہ برف باری کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور سڑکوں کی بحالی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے فوڈ کنٹرولر جہلم ویلی کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں آٹے کی ترسیل منصفانہ اور یکساں بنیادوں پر یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں آٹے کی قلت پیدا نہ ہو۔

 انہوں نے برفانی علاقوں میں موسم کی شدت بڑھنے سے قبل آٹے کا مناسب ذخیرہ یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ رابطہ سڑکیں بند ہونے کی صورت میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے سو روزہ پلان کے مطابق ضلع جہلم ویلی کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایک مثالی ضلع بنایا جائے۔

 بازاروں، گلی محلوں، عوامی مقامات، سڑکوں کے اطراف اور نکاسی آب کے نظام کی باقاعدہ صفائی یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ ادارے صفائی مہم کو محض عارضی سرگرمی تک محدود رکھنے کے بجائے مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور اس ضمن میں ذمہ داریوں کا مؤثر تعین کیا جائے۔

محکمہ شاہرات کے  حکام کو ہدایت کی گئی کہ موسم سرما اور متوقع برف باری کے پیش نظر تمام ضروری مشینری، آلات اور متعلقہ عملے کو پہلے سے تیار اور الرٹ رکھا جائے،

 تاکہ برف باری کے دوران سڑکوں سے برف ہٹانے اور ٹریفک کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کئے جا سکیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حساس اور برفانی علاقوں میں سڑکوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے اور عوام کی آمدورفت کو ممکنہ حد تک محفوظ اور رواں رکھنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کئے جائیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کے تحفظ کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہے، آگ سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدامات کرنا ہونگے۔

 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، دکانوں اور دیگر تجارتی مراکز کی چیکنگ کی جائے۔ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

 ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنےکیلئے نگرانی کا نظام مزید فعال بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر عفت اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔

 صفائی ستھرائی کے فروغ اور موسم سرما کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

 انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسیوں اور ترجیحات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔