بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ صحت بھمبر اور پاک فوج کے اشتراک سے بنیادی مرکز صحت خیرووال برنالہ میں فری میڈیکل کیمپ قائم کردیاگیا۔
فری میڈیکل کیمپ میں 400سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
محکمہ صحت ضلع بھمبر اور پاک فوج کے زیر اہتمام بنیادی مرکز صحت خیرووال، تحصیل برنالہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
جس کا مقصد دور دراز علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی،نالائق اولاد کا بوڑھے باپ پرتشدد، گھر سے بے دخل کردیا
کیمپ میں مختلف امراض میں مبتلا 400 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں علاج معالجے کی سہولیات مہیا کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھمبر ڈاکٹر شہزاد غضنفر کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ میڈیکل کیمپ میں میڈیکل اسپیشلسٹ، چائلڈ اسپیشلسٹ، سرجیکل اسپیشلسٹ، گائناکالوجسٹ اور آئی اسپیشلسٹ نے شرکت کی۔
ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور انہیں ضروری طبی مشورے فراہم کیے۔ کیمپ کے انعقاد سے علاقے کے لوگوں کو مختلف امراض کے علاج کے لیے مقامی سطح پر طبی سہولیات میسر آئیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھمبر ڈاکٹر شہزاد غضنفر نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامات اور مریضوں کو علاج معالجے کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہزاد غضنفر نے کہا کہ محکمہ صحت عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی: چلہانہ میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، درجنوں افراد ہسپتال منتقل
بھمبر کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے، تاکہ ایسے افراد جو مختلف وجوہات کی بنا پر ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے انہیں ان کے اپنے علاقوں میں طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے اس سلسلے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلع بھر کے دور دراز علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے انعقاد کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، تاکہ عام شہریوں کو بروقت تشخیص، طبی مشاورت اور علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں۔
محکمہ صحت بھمبر اور پاک فوج کے اشتراک سے منعقدہ اس میڈیکل کیمپ کو علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم عوامی فلاحی اقدام قرار دیا گیا، جس کے ذریعے سینکڑوں افراد کو مفت طبی سہولیات سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔




