پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر، وممبر اسمبلی شاہ غلام قادر نے نیلم کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کرنے کی جانب اہم پیش رفت کر دی۔ شاردا کے نواحی گاؤں حاجیاں اور نیاں جو مبینہ طور پر گزشتہ 74 سال سے بجلی کی سہولت سے محروم ہیں، میں بجلی کی فراہمی کے لیے کھمبے شاردا برقیات کے دفتر پہنچ گئے، جس سے علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شاردا پریس کلب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار الیاس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ غلام قادر نیلم کی تعمیر و ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ غلام قادر کی زیرصدارت اہم اجلاس، پھلاونی3میگاواٹ بجلی منصوبے پربریفنگ
انہوں نے کہا کہ نیلم ویلی کی مرکزی شاہراہ سمیت مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکوں کا جال بچھانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس سے دور دراز علاقوں کے عوام کو سفری مشکلات سے نجات دلانے میں مدد مل رہی ہے۔
سردار الیاس کا کہنا تھا کہ کھریگام سے حاجیاں تک مزید دو کلومیٹر سڑک کی فراہمی بھی علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
سڑک اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی سے دور افتادہ آبادیوں کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی اور عوام کو درپیش مشکلات کم ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹنڈالی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پرعوام کا شدید احتجاج اور دھرنا، جہلم ویلی روڈ بند
انہوں نے کہا کہ کھریگام کے دور دراز علاقوں میں سڑک اور بجلی کی سہولیات کے لیے ہونے والی پیش رفت پر عوام علاقہ نے شاہ غلام قادر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مقامی لوگوں کو امید ہے کہ بجلی کے کھمبوں کی آمد کے بعد بجلی کی فراہمی کا منصوبہ بھی جلد مکمل ہوگا اور طویل عرصے سے محروم آبادیوں کے گھروں میں روشنی پہنچ سکے گی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی دور دراز دیہات کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ بجلی اور سڑک کی سہولت سے تعلیم، کاروبار اور روزمرہ زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔




