عمرہ زائرین کیلئے ویکسین سے متعلق اہم فیصلہ، تفصیلات سامنے آگئیں

 عمرہ زائرین کو ویکسی نیشن کے بغیر سفر کرنے کی عارضی سہولت کی مدت ختم ہونے کے بعد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین اور دیگربین الاقوامی مسافروں کو ضروری ویکسین لگانے کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے اسٹار گیٹ کے قریب بارڈر ہیلتھ سروسز کے زیر انتظام انٹرنیشنل ٹریولر ویکسینیشن سینٹر فعال کردیا گیا ہے، جہاں مسافروں کو چوبیس گھنٹے ویکسین لگوانے اور متعلقہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عمرہ زائرین کو غیرقانونی رہائش دینے پر 8 کمپنیوں کیخلاف سخت ایکشن

حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفر کرنے والے پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد کیلئے منزل، ٹرانزٹ اور سفر کے شیڈول کے مطابق متعلقہ ویکسین لگوانا ضروری ہے۔

 عمرہ زائرین کیلئے پولیو اور گردن توڑ بخار کی ویکسی نیشن کے تقاضے پورے کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ بعض دیگر ممالک کا سفر کرنے والوں کو یلو فیور سمیت متعلقہ ویکسین بھی لگوانا پڑ سکتی ہے۔

بارڈر ہیلتھ حکام کے مطابق ویکسینیشن کی لازمی شرائط پر عمل درآمد کیلئے دی گئی رعایت میں پہلے بھی دو مرتبہ توسیع کی گئی تھی، تاہم اس سہولت کی مدت ختم ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر ویکسینیشن کا عمل بحال کردیا گیا ہے۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک روانگی سے قبل اپنی منزل کے مطابق ویکسینیشن کی شرائط معلوم کریں اور ضروری سرٹیفکیٹس کی تصدیق بھی یقینی بنائیں تاکہ سفر کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بارڈر ہیلتھ کے فوکل پرسن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ شاہ نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ مسافروں کی سہولت کیلئے ویکسین کی دستیابی اور سرٹیفکیٹس کے اجرا کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

مقررہ نرخوں کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر گردن توڑ بخار کی ویکسین کی فیس 2 ہزار 785 روپے جبکہ انفلوئنزا ویکسین کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقرر ہے۔ پولیو ویکسین مسافروں کو مفت فراہم کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حج و عمرہ زائرین اور مسافروں کے لیے نئی پابندی عائد، نادرا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

حکام کے مطابق متعلقہ ہدایات کے تحت غیر ملکی شہریوں کو قابل اطلاق ویکسینیشن کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہے۔