بی آئی ایس پی،خواتین کو رقم ادائیگیوں کیلئے نیا نظام متعارف

 بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مستفید ہونے والی خواتین کیلئے ادائیگیوں کا حصول آسان بنانے کیلئے نیا نظام متعارف کروا دیا گیا۔ 

نئے سسٹم کے تحت خواتین تصدیقی پیغام موصول ہونے کے بعد ملک کے کسی بھی شہر میں پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے اپنی رقم  وصول کرسکیں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مفت سم کیلئے تاریخ 10ستمبر ، رقم پوری وصول کریں، بلیک میلنگ میں نہ آئیں ، ترجمان بی آئی ایس پی

بی آئی ایس پی کے اس اقدام کا مقصد مستحق خواتین کو مخصوص ادائیگی مراکز تک محدود رہنے کی دشواری سے نجات دلانا اور رقم وصول کرنے کے عمل کو مزید سہل بنانا ہے۔

نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے مؤثر استعمال کیلئے ملک گیر آگاہی اور تربیتی سرگرمیوں کا آغاز لاہور سے کردیا گیا ہے۔

ان تربیتی نشستوں میں پروگرام کے عملے کو ادائیگیوں کے نئے طریقہ کار، ڈیجیٹل سہولیات اور مالی لین دین کے دوران احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کیا جارہا ہے تاکہ مستحق خواتین کو بھی درست معلومات اور ضروری رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

اس حوالے سے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بی آئی ایس پی کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو کامیاب بنانے کیلئےعملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور مستحق خواتین میں شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بینکوں کے درمیان باہمی رابطے کے نظام کے ذریعے خواتین تصدیقی ایس ایم ایس ملنے کے بعد اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی شہر میں موجود متعلقہ بینک کے مجاز ریٹیلر سے ادائیگی وصول کرسکیں گی۔

اس سہولت سے نہ صرف مخصوص مراکز پر رش اور انحصار کم ہوگا بلکہ خواتین کو آمدورفت کے اضافی اخراجات اور دیگر مشکلات سے بھی بچنے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر عصمت نواز نے بی آئی ایس پی کے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ خواتین کو ڈیجیٹل والٹ کے استعمال، موبائل فون اور سم کی حفاظت، مکمل رقم وصول کرنے اور ادائیگی سے متعلق پیغامات محفوظ رکھنے کے بارے میں واضح رہنمائی فراہم کریں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مستحق خواتین کی امدادی رقم سے کسی بھی قسم کی غیر مجاز کٹوتی قابل قبول نہیں ہوگی۔

 اگر کسی خاتون کو ادائیگی کے دوران کٹوتی یا کسی اور مسئلے کا سامنا ہو تو وہ بی آئی ایس پی کی ہیلپ لائن 0800-26477 یا اپنے متعلقہ تحصیل دفتر سے رابطہ کرسکتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بی آئی ایس پی ڈیجیٹل والٹ سے پیسے نکلوانے پر کتنی فیس دینا ہوگی؟

تربیتی سیشن میں بی آئی ایس پی اور پنجاب کے متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تربیتی سرگرمیوں میں تعاون پر یونیسیف کے سوشل پالیسی سیکشن کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔