اسسٹنٹ کمشنر سہیل بشیر کا میرپور روڈ پر چھاپہ،ٹریکٹر ٹرالیوں کیخلاف کارروائی، وارننگ جاری

بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل) اسسٹنٹ کمشنر بھمبر سہیل بشیرکا میرپور روڈ پراچانک چھاپہ،مٹی سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں کے کھلے ڈالوں کا نوٹس لے لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر بھمبر سہیل بشیر نے متعلقہ ڈرائیوروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے آخری وارننگ دے دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈالے کھلے رکھنے اور مٹی کو سڑکوں پر بکھرنے سے روکنے کیلئے مقررہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق میرپور روڈ پر مٹی سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں کے کھلے ڈالے شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بن رہے تھے۔ ٹرالیوں سے مٹی سڑک پر گرنے اور گردوغبار پھیلنے کے باعث نہ صرف شہریوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے

ٹریکٹر ٹرالیاں ٹریفک کی روانی اور ماحول کی صفائی بھی متاثرکرنے لگیں۔ عوامی مشکلات کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر سہیل بشیر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے میرپور روڈ کا اچانک دورہ کیا اور مٹی سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں کا معائنہ کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی سے پیپلزپارٹی وفد کی اہم ملاقات،عوامی امور پرملکر چلنے پراتفاق

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈالے لازمی طور پر ڈھانپ کر رکھے جائیں تاکہ دورانِ سفر مٹی سڑک پر نہ گرے اور گردوغبار پھیلنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر مٹی بکھرنے سے صفائی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور شہریوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر سہیل بشیر نے ڈرائیوروں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی ٹریکٹر ٹرالی کا ڈالہ کھلا پایا گیا یا اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی تو ذمہ داران کیخلاف  سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات درج کروائے جائیں گے اور متعلقہ ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیوروں کو پولیس کے حوالے بھی کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور صاف ستھرے ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

ٹریکٹر ٹرالی مالکان اور ڈرائیوروں کو چاہیے کہ مٹی کی ترسیل کے دوران حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں اور اس امر کا خاص خیال رکھیں کہ مٹی سڑک پر نہ گرے اور دیگر شہریوں کیلئے کسی قسم کی پریشانی پیدا نہ ہو۔

مزید یہ بھی پڑھیں:زرداری، شہباز اہم ملاقات،خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے پراتفاق

دریں اثنا شہریوں نے میرپور روڈ پر مٹی سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں کے کھلے ڈالوں کے خلاف کارروائی اور عوامی مشکلات کا نوٹس لینے پراسسٹنٹ کمشنر سہیل بشیر کے اقدام کو سراہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر گردوغبار اور مٹی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں، کیونکہ صاف ستھرا ماحول اور محفوظ سفری سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں۔

شہریوں نے توقع ظاہر کی کہ انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے کی مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے گی

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شاہراہوں پر بھی صفائی، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔