گلگت بلتستان حکومت کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے بھی مارخور ٹرافی ہنٹنگ 4پرمٹس نیلام کرکے تاریخی رقم کمالی ہے۔
صوبائی حکومت نے مارخور ٹرافی ہنٹنگ کے 4پرمٹ سے 33 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائدکما کر تاریخی رقم کمائی۔ چترال کے توشی ٹو پرمٹ کی بولی 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر لگی۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ، استور مارخور کا پرمٹ 10کروڑ میں نیلام،117پرمٹس سے 65کروڑ آمدن متوقع
چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبرپختونخوا ڈاکٹر محسن فاروقی کی زیر صدارت مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی ہوئی، جس میں چترال اور کوہستان کی مختلف ویلیج کنزرویشن کمیٹیوں کے لیے 4 ایکسپورٹیبل مارخور پرمٹس نیلام کیے گئے۔
نیلامی سے خیبرپختونخوا حکومت کو مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 800 ڈالرز کا ریونیو حاصل ہوا جو پاکستانی کرنسی 33 کروڑ 56 لاکھ 85 ہزار روپے بنتے ہیں۔
نیلامی میں سب سے زیادہ بولی چترال کے توشی ٹو مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی لگی جس کی بولی 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر رہی جو پاکستانی کرنسی میں 9 کروڑ 29 لاکھ 65 ہزار روپے بنتے ہیں۔
گزشتہ سال مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی سب سے زیادہ بولی 2 لاکھ 72 ہزار ڈالرز تھی جو پاکستانی کرنسی میں 7 کروڑ 53 لاکھ 47 ہزار روپے بنتے ہیں۔
توشی ون کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا جو پاکستانی تقریبا 8 کروڑ 88 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
گہریت گول کا پرمٹ 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا جو پاکستانی کرنسی میں 7 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
کائیگاہ کھوار کا پرمٹ 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالرز میں نیلام ہوا جو پاکستانی 8 کروڑ 18 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
نیلامی سے حاصل آمدن کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور تحفظ وائلڈ لائف پر خرچ کیا جائےگا جب کہ 20 فیصد رقم سرکاری خزانے میں جمع ہوگی۔
اس سے قبل گلگت بلتستان حکموت نے 2027-2026 کے ٹرافی ہنٹنگ سیزن کیلئے 117 مارخوروں کے شکار کے پرمٹس نیلام کئے تھے جس سے 65کروڑ آمدن ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:آئی بیکس اور مارخور شکار پر وفاق و خیبرپختونخوا میں تنازع
نیلامی کے دوران استور مارخور، بلیو شیپ اور ہمالیائی آئی بیکس کے شکار کے پرمٹس پیش کئے گئے۔نیلامی میں مجموعی طور پر 3 استور مارخور، 14 بلیو شیپ اور 100 ہمالیائی آئی بیکس کے پرمٹس شامل تھے۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ قیمت استور مارخور کے پرمٹ کی لگی جو 3 لاکھ 56 ہزار ڈالر( تقریباً9 کروڑ 85لاکھ روپے) میں فروخت ہوا تھا۔




