عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، نئی بلندترین سطح پر پہنچ گیا

مشرق وسطیٰ میں ایران کے خلاف جاری امریکی جنگ بھڑکنے سے  متعلق خدشات دوبارہ بڑھنے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تقریباً 4 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہم تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح پر کر رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 4.08 ڈالر، یعنی 4.1 فیصد اضافے کے بعد 104.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 3.6 فیصد یا 3.21 ڈالر بڑھ کر 91.49 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

کاروبار کے دوران دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتیں کسی وقت 5 ڈالر فی بیرل سے زیادہ بڑھ گئی تھیں۔

ممکنہ امریکی حملوں کے خدشات کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 29 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب ایران کے ساتھ تنازع آٹھویں ماہ میں داخل ہونے کے باعث اکتوبر میں خلیج اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت کو لاحق خطرات بڑھ گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکروں پر حملوں کی تعداد جنگ شروع ہونے کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، حالانکہ خلیجی ممالک نے تیل کی برآمدات میں اضافہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی پر اہم معاہدہ طے پا گیا

گزشتہ روز بھی قطر کےساحل پر آئل ٹینکر پرحملہ کیا گیا جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ خلیج سمیت آبنائے ہرمز میںایرانی بحریہ کا مکمل کنٹرول ہے۔