میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر صحت آزاد کشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے میرپور کا دورہ کیا اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں طبی سہولیات، مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ان کے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری عبدالرزاق، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سردار آفتاب احمد خان اور سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ چوہدری بشیر بھی تھے۔
کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے وزیر صحت عامہ کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت کو ادارے کے مختلف شعبہ جات، دستیاب طبی سہولیات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس، میڈیکل سپیشلسٹس، میڈیکل افسران، ہاؤس آفیسرز، پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز، پیرا میڈیکل اور نرسنگ سٹاف سے تعارفی نشست کی، جس میں طبی خدمات کے معیار، ادارے کی کارکردگی اور مریضوں کو موثر سہولیات کی فراہمی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امتحانی ڈیوٹی،میرپوربورڈ کا اساتذہ کیلئے ہدایات جاری
اس موقع پر مرکزی چیئرمین پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن/ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن راجہ خالد شریف کی قیادت میں وفد نے بھی وزیر صحت سے ملاقات کی اور ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا
جہاں انہوں نے سی سی یو سمیت زیر علاج مریضوں سے بات چیت کی اور علاج معالجے، ادویات اور دیگر دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
مریضوں نے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے وزیر صحت عامہ کو بتایا۔بعد ازاں وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، جن میں میڈیکل وارڈز، آپریشن تھیٹرز، پیڈیاٹرکس وارڈ اور دیگر یونٹس شامل تھے۔
انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات اور علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے پیڈیاٹرکس آئی سی یو کی اپ گریڈیشن اور جدید اینڈوسکوپی سروس کا افتتاح بھی کیا۔
پیڈیاٹرکس آئی سی یو کو تقریباً 70 سے 80 لاکھ روپے مالیت کی جدید مشینری اور طبی آلات سے آراستہ کیا گیا ہے، جو برطانیہ میں مقیم مخیر افراد کے تعاون سے فراہم کئے گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر میرپور پہنچ گئے،صحت سہولیات پر زور
اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر رضوان بوستان کی خصوصی کاوشیں قابل ذکر ہیں، جبکہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر صبا تارڑ نے بھی سہولت کی تکمیل اور شعبہ کی ضروریات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جدید اینڈوسکوپی سروس بھی شروع کی گئی ہے
جس کے ذریعے خوراک کی نالی، چھوٹی آنت اور بڑی آنت سے متعلق مختلف بیماریوں کی تشخیص اور علاج اب ڈویژنل سطح پر ممکن ہوگا۔
جدید سہولت کے آغاز سے مریضوں کو پیچیدہ تشخیصی و طبی خدمات کیلئے دیگر بڑے مراکز کا رخ کرنے کی ضرورت میں کمی آئے گی۔
وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے ہسپتال کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں جاری تعمیراتی کام اور مستقبل میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے ہسپتال میں جاری طبی، انتظامی اور دیگر پروجیکٹس کا جائزہ لیا اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کی جانب سے ہسپتال کے دورے، مختلف شعبہ جات کے معائنے اور طبی سہولیات میں فراہمی کیلئے حکومتی ترجیحات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی ضروریات اور مسائل کا تفصیلی جائزہ اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات طبی خدمات کے مزید استحکام میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سردار آفتاب احمد خان اور دیگر متعلقہ حکام کے تعاون کو بھی سراہا۔دورے کے اختتام پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سردار آفتاب احمد خان اور ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری عبدالرزاق کو شیلڈز پیش کی گئیں۔
بعد ازاں وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔




