ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت): جہلم ویلی کے سرحدی قصبہ چکوٹھی میں ناگنی روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے چھ سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا
جبکہ حادثے میں ملوث کار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتار ی کیلئے چھاپے ۔
تفصیلات کے مطابق کار نمبر LX-XX-9761 کے ڈرائیور راجہ عدیب عرف ننھا ولد محمد فاروق، ساکن چکوٹھی، نے ناگنی روڈ پر چھ سالہ بچے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی بچے کو فوری طبی امدادکیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔
حادثے کی اطلاع پر علاقے میں شدید غم و غصے اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ عوامی حلقوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس تھانہ چناری نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مبینہ طور پر فرار ہونے والے ڈرائیور راجہ عدیب کے خلاف زیر دفعات 279، 337-G اور 320 کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس نے حادثے میں ملوث کار کو بھی تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب جاں بحق ہونے والے معصوم بچے کی نماز جنازہ آبائی گاؤں میں ادا کی گئی، جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد بچے کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جہلم ویلی میں مبینہ طور پر بغیر لائسنس، بغیر فٹنس اور غیر موزوں ٹیکسی گاڑیوں کے چلنے کے ساتھ ساتھ غیر تجربہ کار ڈرائیوروں کی جانب سے تیز رفتاری کے واقعات تشویش ناک حد تک بڑھ رہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی اور غیر محفوظ گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔




