مظفرآباد: نئے بینک برانچز کے قیام کے لیے پارکنگ اور دیگر سہولیات کی شرط لازمی قرار

مظفرآباد: ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے ضلع میں نئی بینک برانچز کے قیام کے لیے این او سی کے حصول سے متعلق نئی شرائط جاری کر دی ہیں۔ 

نو ٹیفیکیشن کے مطابق ضلع مظفرآباد میں بینک برانچز کے پاس پارکنگ کی محدود سہولت اور سامنے کھلے علاقوں میں جنریٹر نصب ہونے کی وجہ سے پارکنگ کے مسائل، پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور عوامی مشکلات کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔

نئی ہدایات اور شرائط کی تفصیلات:

نئی ہدایات کے مطابق بینکوں کو نئی برانچ کے قیام کے لیے درخواست کے ساتھ میونسپل کارپوریشن مظفرآباد سے منظور شدہ بلڈنگ پلان جمع کرانا ہوگا، جس میں درج ذیل امور کا واضح ہونا لازمی ہے:

صارفین اور عملے کے لیے احاطے کے اندر مناسب آف اسٹریٹ پارکنگ کی دستیابی واضح ہو، جس کے لیے عوامی سڑکوں یا فٹ پاتھوں کا استعمال نہ کیا جائے.

اسٹینڈ بائی جنریٹر اور متعلقہ آلات کی تنصیب کے لیے احاطے کے اندر مناسب جگہ موجود ہو، جو کسی بھی سڑک، فٹ پاتھ یا عوامی گزرگاہ پر قبضہ کرنے یا رکاوٹ بننے کا باعث نہ بنے.

سرکلر کے مطابق بینک برانچ سے متعلق کوئی بھی ڈھانچہ، سامان، پارکنگ کا انتظام یا دیگر سرگرمی عوامی گزرگاہ یا ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث نہیں بننی چاہیے اور نہ ہی عوامی پریشانی کا سبب بننی چاہیے.

یہ بھی پڑھیں: ڈڈیال دھانگلی روڈ بندش،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے جتھوں کی جانب سے میت کے لیے بھی راستہ بند

این او سی کے حصول کے لیے پابندی:

ڈپٹی کمشنر آفس کے سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا تمام شرائط کو پورا نہ کرنے والی کسی بھی درخواست پر این او سی کے لیے ہرگز کارروائی نہیں کی جائے گی. اس اقدام کا بنیادی مقصد عوامی جگہوں کے بہتر انتظام کو یقینی بنانا، ٹریفک کے مسائل کی روک تھام کرنا اور بالخصوص گنجان تجارتی علاقوں میں پارکنگ کے مسائل اور عوامی مشکلات کو کم کرنا ہے.