ڈڈیال دھانگلی روڈ بندش،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے جتھوں کی جانب سے میت کے لیے بھی راستہ بند

ڈڈیال: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی  کے جتھوں کی جانب سے ڈڈیال دھانگلی روڈ کی بندش کے باعث گزشتہ روز 5 اکتوبر کو ایک افسوسناک صورتحال پیش آئی، جہاں راولپنڈی سے ڈڈیال لائی جانے والی میت کو بھی راستہ نہ مل سکا۔

ورثاء کے مطابق میت لے جانے والی گاڑی اور ایمبولینس کو بھی آگے جانے سے روک دیا گیا، جس کے باعث انہیں میت کے ہمراہ کئی کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرنا پڑا۔ راستہ بند ہونے کے باعث میت کی تدفین میں کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوئی اور ورثاء کو شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری سے سردی کی لہر شروع، نئی پیشگوئی سامنے آگئی

نمازِ جنازہ اور تدفین میں تاخیر:

بعد ازاں ورثاء نے بروٹیاں کے راستے ایک گاڑی کا انتظام کیا اور شدید مشکلات کے بعد میت کو ڈڈیال سیکٹر 6 میں واقع گھر پہنچایا گیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ بھی کئی گھنٹے تاخیر کے بعد رات ساڑھے 8 بجے ڈڈیال ہائی سکول گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔

عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ احتجاج اور مطالبات اپنی جگہ، لیکن میت، مریضوں، زخمیوں اور ایمبولینسز سمیت ہنگامی نوعیت کی آمدورفت کے لیے راستہ بند کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ احتجاج کے دوران انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی راستہ ہر صورت کھلا رکھا جائے۔