ایلون مسک کی دولت کا نیا ریکارڈ قائم، پہلے کھرب پتی بن گئے

معروف امریکی ٹیکنالوجی کاروباری شخصیت اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے پہلے کھرب پتی بن گئے ہیں۔ بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق مسک کی دولت میں صرف ایک روز کے دوران غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مجموعی دولت ایک بار پھر ایک کھرب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

بلوم برگ کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں تازہ اضافے کی بنیادی وجہ ان کی دو بڑی کمپنیوں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہے۔ اکتوبر کے آغاز سے اسپیس ایکس کے حصص میں نمایاں جبکہ ٹیسلا کے حصص میں بھی مثبت رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کے حصص میں حالیہ تیزی نے مسک کی مجموعی دولت پر براہ راست اثر ڈالا۔ کمپنی کے حصص اپنی پچھلی کم ترین سطح سے بحال ہوچکے ہیں، جبکہ سرمایہ کاروں میں اسپیس، مصنوعی ذہانت اور متعلقہ ٹیکنالوجی کے شعبوں کے امکانات کے حوالے سے بھی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی مالیاتی ادارے مورگن اسٹینلے کے تجزیہ کاروں نے بھی اسپیس ایکس کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد کمپنی کے حصص میں مزید تیزی دیکھی گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اسپیس ایکس خلائی اور انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے قابلِ توجہ کمپنی بن چکی ہے۔

دوسری جانب ٹیسلا کی جانب سے رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں توقعات سے بہتر گاڑیوں کی فروخت رپورٹ کیے جانے کے بعد کمپنی کے حصص میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ ٹیسلا کی گاڑیوں کی فراہمی تجزیہ کاروں کے اندازوں سے زیادہ تعداد میں ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: شیون زِلس نے ایلون مسک سے علیحدگی کا انکشاف کردیا

بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق ایلون مسک کی مجموعی دولت کا بڑا حصہ اسپیس ایکس اور ٹیسلا میں ان کی ملکیت سے وابستہ ہے۔ اسی وجہ سے دونوں کمپنیوں کے حصص میں ہونے والی بڑی تبدیلیاں براہِ راست ان کی ذاتی دولت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

ایلون مسک رواں سال جون میں پہلی مرتبہ دنیا کے پہلے کھرب پتی بنے تھے۔ اس وقت اسپیس ایکس کی غیر معمولی مارکیٹ پیش رفت، خصوصاً کمپنی کے تاریخی ابتدائی عوامی حصص اجرا کے بعد حصص کی قیمت میں اضافے نے ان کی دولت کو ایک کھرب ڈالر سے اوپر پہنچا دیا تھا۔ تاہم بعد میں اسپیس ایکس کے حصص میں کمی کے باعث مسک کی دولت عارضی طور پر ایک کھرب ڈالر کی سطح سے نیچے آگئی تھی۔

بلوم برگ کے مطابق اس دوران مسک کی دولت میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا، تاہم حالیہ ہفتوں میں اسپیس ایکس کے حصص کی بحالی اور ٹیسلا کی بہتر کارکردگی نے ان کی دولت میں دوبارہ تیزی پیدا کردی۔

حالیہ اضافے کے بعد ایلون مسک ایک مرتبہ پھر دنیا کے پہلے کھرب پتی کی حیثیت حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی دولت میں ہونے والا یہ اضافہ عالمی دولت کی تاریخ میں غیر معمولی تیز رفتار اضافوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق مسک کی دولت میں آئندہ بھی اتار چڑھاؤ کا بڑا انحصار اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں پر رہے گا، کیونکہ ان کی دولت کا تقریباً تمام بڑا حصہ انہی دونوں کمپنیوں میں ملکیت سے منسلک ہے۔