آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری سے سردی کی لہر شروع، نئی پیشگوئی سامنے آگئی

گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے اچھی خبر آگئی ہے، کیونکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری سے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شروع ہو گئی ہے۔ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں موسم سرد ہو گیا ہے، جبکہ مظفرآباد شہر اور گردونواح کے علاوہ وادی نیلم، وادی لیپہ اور کرناہ میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اور محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

دیگر شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی صورتحال:

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں اگلے ایک سے تین گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے جبکہ ٹیکسلا، مری اور گلیات میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور شہر میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، اور آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اکتوبر میں طوفانی بارشیں، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ چترال، دیر، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور سوات میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کرم، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، اور محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے مکانات اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

خیبر پختونخوا اور پنجاب میں موسم کی صورتحال:

خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں موسلادھار بارش اور مختلف مقامات پر ژالہ باری ہوئی جس سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ لوئر دیر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملاکنڈ کی تحصیل درگئی اور دیگر مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری سے کئی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دوسری جانب پنجاب کے لیے محکمہ موسمیات نے 6 اور 7 اکتوبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں کہیں کہیں بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔ اگرچہ سندھ اور بلوچستان میں بنیادی طور پر گرم اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے، لیکن محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ منگل کی شام اور رات کو بلوچستان کے ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں کہیں کہیں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان بھی موجود ہے۔