اسلام آباد : نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کے تحت عام شہری اپنے ذاتی گھر کے مالک بن سکتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں اس پالیسی کا باقاعدہ اجراء کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے خصوصی خطاب کیا اور پالیسی کے بارے میں بتایا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کا بیان اور پالیسی کے اہداف:
وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی بے گھر افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کے لیے تمام تر جامع منصوبہ بندی فراہم کرتی ہے، اور اس کی بدولت پاکستان میں عام شہری اپنے ذاتی گھر کے مالک بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی پر موثر اور نتائج بخش عملدرآمد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کرولا 2027 فیس لِفٹ پاکستان میں پرانی جنریشن کے ساتھ جاری رہنے کا امکان
ڈاکٹر مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ یہ نئی پالیسی ملک میں پائیدار شہری ترقی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پالیسی کے تحت ماحول دوست ایسے گھر تعمیر کیے جائیں گے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور جدید تقاضوں کے عین مطابق ہوں۔




