ڈاکٹر نجیب نقی سدھنوتی پہنچ گئے،عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرینگے،صدرآزادکشمیر

سدھنوتی /پلندری (کشمیر ڈیجیٹل) صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب  خان نے صدر ریاست منتخب ہونے کے بعد ضلع سدھنوتی کا پہلا دورہ کیا۔ 

آزاد پتن سے پلندری تک ہزاروں افراد نے صدر ڈاکٹر نجیب نقی کا والہانہ استقبال کیا۔ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں داخل ہوتے ہی آزاد پتن کے مقام پر عوام کی بڑی تعداد نے صدر ریاست کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

صدر آزادکشمیر کے پلندری پہنچنے پر کوٹلی چوک سے ایک بڑی ریلی کی صورت میں پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس تک  لایا گیا۔ شہریوں نے صدر آزاد جموں و کشمیر کو ہار پہنائے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پرجوش نعروں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔

 اس موقع پر  جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر  نے تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت، پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

  ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے کہا کہ جو مسائل پہلے کبھی نہ حل ہوسکے تھے موجودہ حکومت میں حل ہوں گے۔

 قائد مسلم لیگ( ن ) محمد نواز شریف، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کو اضافی فنڈز فراہم ہوں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:برنالہ:پولیس اور معززین علاقہ کا مشترکہ اجلاس،کالعدم ایکشن کمیٹی کیساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ صدر ریاست منتخب ہونے کے بعد ان کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوئی ہیں۔

 تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز عالمی برادری تک پہنچانے اور انہیں ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

صدر ریاست نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں چھ لاکھ سے زائد فوج تعینات کر رکھی ہے اس کے باوجود کشمیری پاکستان کے سبز ہلالی پرچم  میں دفن ہوتے ہیں ۔

ریاست کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے صدر ڈاکٹر محمد نجیب  خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام شہریوں کو بہتر معیار زندگی، بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت شعور کی بیداری اور نوجوان نسل کو اسلاف کی قربانیوں سے روشناس کروا کے  ایک باشعور، باصلاحیت اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اس خطے کا کوئی قبرستان ایسا نہیں جہاں کوئی شہید دفن نہ ہو۔

پونچھ ڈویژن مشکل میں ہے یہاں احتجاج کرنے والے بھی ہمارے اپنے ہیں مشکلات اور معاملات کا بہترین اور پر امن حل جلد نکالا جائے گا ۔

ضلع سدھنوتی کے دیرینہ مسائل حل کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ عوامی مسائل کا حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ یہاں آٹے اور اشیائے خوردونوش کی ہمہ وقت فراہمی میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی صرف اعلانات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے اثرات عوام کو عملی طور پر نظر آئیں گے

 پہلے 100 دنوں کے دوران حکومتی منصوبے عوام کے سامنے لائیں گے تاکہ ریاست کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور دیرینہ مسائل کے حل ہو سکیں ۔

صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ ریاست میں بسنے والے تمام شہری بہتر، محفوظ اور باوقار زندگی گزارنے کے مستحق ہیں۔ حکومت، متعلقہ اداروں اور عوام کو باہمی تعاون سے ریاست کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

 انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، ریاستی ترقی اور شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

صدر ریاست ڈاکٹر محمد نجیب خان نے ضلع سدھنوتی کے عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہاں کے تمام لوگوں کی وجہ سے میں صدر بنا ہوں عوام کی محبت اور اعتماد باعث اعزاز ہے۔

 انہوں نے ریاست کے تمام شہریوں اور بالخصوص اہلیان سدھنوتی مسلم لیگ ن کی پوری ٹیم عہدیداران اور کارکنان کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی توقعات پر پورا اترنے اور ریاست کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔