مظفرآباد:مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک و عارضی ملازمین نے ایڈہاک صدر معلمات کی فراغت پر عید کے فوری بعد احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک و عارضی ملازمین کا اجلاس راجہ غلام جیلانی کی زیر صدارت ہوا جس میں سپریم ہیڈ مرکزی کور کمیٹی راجہ اطہر علی خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر محمد وقاص مغل،شجاعت خان، راجہ یاسر قدیر،صدیق احمد عباسی ،محمد نسیم ،واجد احمد،سید معصوم شاہ،عمر فاروق میر اور دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد طے پایا کہ عید کے فوری بعد احتجاجی دھرنے کی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا احتجاجی دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک قانون سازی کے ذریعے ہمیں مستقل ملازمت کا حق نہیں دیا جاتا۔
یہ بھی پڑھیں : ایڈہاک وعارضی ملازمین نے رمضان میں مستقل ہونے کی امیدیں لگا لیں
شرکاء کا کہنا تھا کہ ایڈہاک و عارضی ملازمین کے 17 روز دن رات جاری رہنے والے دھرنے کے بعد 16 دسمبر 2024 کو محکمہ سروسز نے اعلامیہ جاری کیا تھا کہ قانون سازی تک کسی بھی ایڈہاک ملازم کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا جائیگا۔
18 مارچ کو بھی حکومتی کمیٹی نے مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک و عارضی ملازمین کے مذاکرات میں بھی طے پایا تھا ایڈہاک و عارضی ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔
مذاکرات کے اگلے ہی دن معلمات کی فراغت حکومت کا دوہرا معیار ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آزادکشمیر حکومت4300 ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ نہ کرسکی، ایک بار پھر 3 ماہ کی توسیع دیدی
حکومتی کمیٹی ایک طرف مذاکراتی عمل کے دوران یقین دلا رہی ہے کہ ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائیگا دوسری جانب وعدہ خلافی کرتے ہوئے گرلز سکولز میں تعینات متعدد صدر معلمات کی فراغت سراسر ظلم و زیادتی ہے۔
مقررین نے کہا کہ ایڈہاک و عارضی ملازمین نے اپنی زندگیوں کا سنہری دور عوام کی خدمت اور سرکار کی نیک نامی کیلئے اس امید پر گزارا کہ آج نہیں تو کل مستقل کر دیا جائے گا مگر بے رحم حکمرانوں کو ترس نہیں آیا۔
حکومت فارغ صدر معلمات کو فوری بحال کرے اور ایڈہاک و عارضی ملازمین کو مستقل کئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے بصورت دیگر عید کے بعد آزاد کشمیر بھر کے ایڈہاک و عارضی ملازمین دارلحکومت میں دوبارہ غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دیں گے۔