موٹر وے

تمام موٹرویز بحال،فیض آباد بس اڈا، ہوٹلز بھی کھل گئے

موٹروے پولیس کے مطابق تمام بند کی گئی موٹر ویز آج بروز اتوار صبح6 بجے کھول دی گئی ہیں جبکہ فیض آباد اڈا بھی اوپن کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایم ون، ایم 14 اور ای 35 سمیت تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایم ون پشاور موٹروے، ایم 14 اسلام آباد-ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اور ای 35 ہزارہ موٹروے سمیت تمام موٹرویز پر ٹریفک بحال کردی جائے گی۔ شہری آج صبح 6 بجے کے بعد ان شاہراہوں پر معمول کے مطابق سفر کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی سے بیک چینل رابطے قائم ہیں،عطا اللہ تارڑ کا دعویٰ

ایم ون، ایم 14، ای 35 اور دیگر اہم شاہراہوں کی بندش کا پس منظر 27 ستمبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اعلان کردہ احتجاج اور لانگ مارچ سے متعلق سکیورٹی انتظامات تھا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23 ستمبر کو ایم ون، ایم 14، ہزارہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے بعض حصوں سمیت متعدد اہم راستوں کو رات 11 بجے سے تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حکام کی جانب سے اس اقدام کی وجہ امن و امان کی صورتحال بیان کی گئی تھی۔

موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا جبکہ ایم 14 کو ہکلہ سے کنڈل تک بند رکھا گیا۔ جی ٹی روڈ بھی اٹک خورد کے مقام پر بند کیا گیا تھا۔

اسی طرح ای 35 ہزارہ موٹروے کو برہان انٹرچینج کے قریب بند کیا گیا تھا، جبکہ دیگر رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت محدود کی گئی تھی۔

راولپنڈی میں فیض آباد اڈے سمیت بند کرائے گئے ہوٹل بھی اوپن کردیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز کس نے دی؟پی ٹی آئی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا جس کے پیش نظر حکومت اور سکیورٹی اداروں نے اسلام آباد آنے والے اہم زمینی راستوں پر رکاوٹیں اور سکیورٹی انتظامات کیے تھے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کو 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس پیش رفت کے بعد بند کی گئی اہم شاہراہوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔