مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے خلاف پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج میں کشمیری شہریوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی ،مظاہرین نے بھارتی وزیر خارجہ کے خطاب کیخلاف احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت،چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کیلئے کانگریس کا ملک گیر احتجاج، پولیس کی شیلنگ، گرفتاریاں
مظاہرین نے ’’جس کشمیر کو خون سے سینچا، وہ کشمیر ہمارا ہے‘‘، ’’بھارتیو غاصبو، جموں کشمیر چھوڑ دو‘‘اور’’ویک اَپ ویک اَپ، یو این او ویک اَپ‘‘ کے نعرے بلند کئے۔
اس موقع پر پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارت کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی نفی بھی کرے اور اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم سے دنیا کو گمراہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ ریاست جموں کشمیر میں شہریوں کیخلاف بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے ۔ بھارت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے انکاری ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ کے وعدوں کے باوجود کشمیریوں کو حقِ خودارادیت نہیں دیا گیا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی راہنماء شیخ عقیل الرحمٰن نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام آج بھی حقِ خودارادیت کے مطالبے پر قائم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ جموں کشمیر کے مسئلے پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا اقوامِ متحدہ میں مؤقف تاریخی حقائق کے برعکس ہے اور بھارت نے 5 اگست 2019 کے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے اقوامِ متحدہ کے ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی کی۔ کشمیری عوام اقوامِ متحدہ سے اپنے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے عملی نفاذ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر نے کہا کہ نے بھارت نے دنیا کے بڑے فورم کو جھوٹ، فریب اور اپنے جنگی جرائم چھپانے کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں آزادی اور حقِ خودارادیت کے مطالبات کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔
وائس چیئرمین پاسبان حریت عثمان علی ہاشم نے کہا کہ اقوامِ متحدہ جموں کشمیر کے مسئلے کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ مہاجرین ورکنگ کمیٹی کے معاون ترجمان محمد یونس میر نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام جے شنکر کے خطاب کو مسترد کرتے ہیں۔
قاری عاقل شمس نے کہا کہ دنیا جے شنکر کی گمراہ کن تقریر کو مسترد کرے۔ مہاجر رہنماء اسحاق شاہین نے کہا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کر سکتا۔ راجہ سجاد خان نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام تاحصولِ آزادی بھارت کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے، دیگر مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کشمیریوں کو حقِ آزادی دے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کے شہریوں نےکالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا
مقررین نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سربراہان نے مظلوم کشمیری عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کے مسئلہ کو عالمی فورم پر اٹھا کر انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے ۔




