وادی نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما علی افسر بٹ نے آزاد کشمیر حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم دیتے ہوئے وادی نیلم کے عوامی مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا مطالبہ
علی افسر بٹ نے کہا کہ حکومت ایک ماہ کے اندر وادی نیلم کے محکمہ تعلیم سمیت دیگر سرکاری اداروں میں موجود خالی آسامیوں کو پُر کرے تاکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکیں۔
خستہ حال پلوں کی تعمیر کا مطالبہ
پیپلزپارٹی رہنما نے بالائی نیلم میں شاہراہ نیلم پر واقع خستہ حال پلوں کی حالت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کنڈل شاہی واٹر فال، کٹن پل اور کٹن شہراں پل سمیت دیگر پلوں کی تعمیر و مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔
عوامی احتجاج کا عندیہ
علی افسر بٹ کا کہنا تھا کہ اگر مذکورہ پلوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے مؤثر اقدامات نہ کئے گئے تو وادی نیلم کے عوام احتجاج کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سڑکوں اور پلوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
آتشزدگی متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی
پیپلزپارٹی رہنما نے وادی نیلم میں رواں ہفتے آتشزدگی کے واقعات میں جلنے والے مکانات کے مالکان کو بھی فوری مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد طے شدہ معاوضہ ادا کیا جائے تاکہ وہ اپنے نقصانات کا ازالہ کر سکیں۔
مظفرآباد کی جانب مارچ کی دھمکی
علی افسر بٹ نے خبردار کیا کہ اگر آتشزدگی سے متاثرہ افراد کو بروقت معاوضے کی ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی اور وادی نیلم کے بنیادی مسائل حل نہ کیے گئے تو عوام کو احتجاجی طور پر مظفرآباد کی جانب مارچ کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم: پودوں کی نرسریاں، سرسبز وشاداب کشمیر کیلئے امید کی نئی کرن
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک ماہ کی مقررہ مدت کے اندر عوامی مطالبات پر عملی اقدامات کئے جائیں۔




