آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میرپور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحان 2026 کے نتائج کی باضابطہ اشاعت اور پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان مورخہ 22 ستمبر 2026 کو کر دیا گیا ہے۔ نتائج جاری کرنے کی یہ تقریب چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر نذر حسین چوہدری اور پروفیسر فاروق آزاد کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوئی۔
اس پُروقار موقع پر کنٹرولر امتحانات کالجز مسعود احمد، سسٹم انالسٹ سعید احمد، طارق بشیر، محمد جبار، عثمان غنی، عزیز اسلم (شعبہ انٹر کنڈکٹ) اور دیگر متعلقہ سٹاف بھی موجود تھا۔
امتحانات کا کامیاب انعقاد اور قیادت کی تحسین:
کنٹرولر امتحانات کالجز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ امتحانات کے دوران درپیش ریاستی صورتحال اور مختلف مصائب کے باوجود امتحانات کا احسن طریقے سے انعقاد اور نتائج کی بروقت اشاعت صرف اور صرف چیئرمین بورڈ کی مثالی قیادت کی بدولت ہی ممکن ہو سکی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ چیئرمین بورڈ کی جرأت مندانہ اور بہترین قیادت کا ہی نتیجہ ہے کہ ریاست بھر کے ہزاروں طلباء و طالبات کے قیمتی تعلیمی سال اور ان کی شبانہ روز محنت کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جاسکا۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور تعلیمی بورڈ : ایچ ایس ایس سی ٹو سالانہ نتائج کا اعلان آج شام کیا جائے گا!
انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحان 2026 کے پوزیشن ہولڈرز:
امتحان میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی تفصیل درج ذیل ہے:
پہلی پوزیشن: رول نمبر 511146 کے حامل محمد ابراہیم (طالب علم انسائیٹ ماڈل کالج بھمبر) نے کل 1200 میں سے 1140 نمبر حاصل کر کے پورے بورڈ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
دوسری پوزیشن: رول نمبر 502459 کی حامل آمنہ خالد (طالبہ کیپس کالج میرپور) نے کل 1200 میں سے 1138 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
تیسری پوزیشن: رول نمبر 511247 کے حامل محمد عثمان شبیر (طالب علم ریڈ فاؤنڈیشن کالج بھمبر) نے کل 1200 میں سے 1134 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔




