سرکاری ملازمین

سرکاری ملازمین کے لیے لیو رولز 1981: مکمل گائیڈ اور تفصیلات سامنے آ گئیں

سرکاری ملازمین کے لیے “سول سرونٹس ریوائزڈ لیو رولز 1981” کے تحت ملنے والی چھٹیوں کی اقسام، ان کی مدت اور ان کے اصولوں کو واضح کر دیا گیا ہے تاکہ ملازمین اپنے دفتری امور اور چھٹیوں کے ضابطے کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔

رولز کے مطابق سرکاری ملازمین کو ملنے والی مختلف چھٹیوں کی تفصیل درج ذیل ہے:

  • پوری تنخواہ پر چھٹی (Full Pay Leave): ملازمین بغیر میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ایک بار میں زیادہ سے زیادہ 120 دن اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ 180 دن کی چھٹی لے سکتے ہیں، جبکہ پوری نوکری میں اس کی کل حد 365 دن ہے ، اکاؤنٹ میں شمار ہوتی ہے.
  • نصف تنخواہ پر چھٹی (Half Pay Leave): اس کی کوئی خاص حد نہیں ہے بشرطیکہ پوری تنخواہ والی چھٹی کا کوٹہ موجود ہو جسے آدھی تنخواہ میں تبدیل کیا جا سکے، اور یہ بھی اکاؤنٹ میں شمار ہوتی ہے.
  • لیو ناٹ ڈیو (Leave Not Due): یہ پوری تنخواہ پر 365 دن تک مل سکتی ہے، لیکن پہلے 5 سال کی نوکری میں یہ صرف 90 دن تک ملتی ہے اور یہ مستقبل میں بننے والی چھٹیوں کے خلاف پوری کی جاتی ہے.
  • اسپیشل لیو (Special Leave): خاتون ملازمہ کے شوہر کے انتقال کی صورت میں 130 دن کی خصوصی چھٹی دی جاتی ہے، جو کہ اکاؤنٹ سے نہیں کاٹی جاتی.
  • زچگی کی چھٹی (Maternity Leave): خواتین ملازمین کے لیے 90 دن یا بچے کی پیدائش کی تاریخ سے 45 دن (جو بھی پہلے ہو) کی چھٹی ہوتی ہے، جو اکاؤنٹ سے نہیں کٹتی.
  • معذوری کی چھٹی (Disability Leave): دورانِ ملازمت معذور ہونے پر زیادہ سے زیادہ 720 دن کی چھٹی ملتی ہے جس میں پہلے 180 دن پوری تنخواہ اور باقی دن نصف تنخواہ ملتی ہے، اور یہ اکاؤنٹ میں شمار نہیں ہوتی.
  • بغیر تنخواہ لمبی چھٹی (Extraordinary Leave): 10 سال یا اس سے زیادہ نوکری پر 5 سال تک جبکہ 10 سال سے کم نوکری پر 2 سال تک کی چھٹی مل سکتی ہے، جو اکاؤنٹ سے نہیں کٹتی.
  • ریٹائرمنٹ سے پہلے کی چھٹی (L.P.R): ریٹائرمنٹ سے ایک سال پہلے 365 دن تک پوری یا نصف تنخواہ کے ساتھ چھٹی پر جایا جا سکتا ہے، جو کہ قابلِ شمار ہوتی ہے.
  • تفریحی چھٹی (Recreation Leave): سال میں ایک بار 15 دن کی تفریحی چھٹی ملتی ہے، جس میں عام محکموں کے ملازمین کے لیے 10 دن ہوتے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کے ملازمین کے لیے یہ قابلِ شمار نہیں ہوتی.
  • بیرونِ ملک چھٹی (Leave Ex-Pakistan): ملک سے باہر گزارے جانے والے اصل عرصے کے لیے ہوتی ہے لیکن ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 120 دن کی اجازت ہے، اور یہ اکاؤنٹ سے کٹتی ہے.
  • بغیر اجازت غیر حاضری (Overstayal of Leave): چھٹی ختم ہونے کے بعد بھی بتائے بغیر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی صورت میں اس کا حساب “ڈبل ڈیبٹ” یعنی دوگنا کاٹا جاتا ہے.
  • چھٹی کے بدلے نقدی (Encashment of Leave): ریٹائرمنٹ سے پہلے (ایل پی آر کے بدلے)، وفات یا نااہلی کی صورت میں 365 دن تک کی چھٹیوں کے بدلے نقدی حاصل کی جا سکتی ہے.
  • تعلیمی چھٹی (Study Leave): 5 سال کی نوکری پوری ہونے کے بعد پڑھائی کے لیے زیادہ سے زیادہ 2 سال تک کی چھٹی ملتی ہے، جو اکاؤنٹ سے نہیں کٹتی.
  • قرنطینہ چھٹی (Quarantine Leave): عام حالات میں 21 دن جبکہ غیر معمولی حالات میں 30 دن تک کی چھٹی دی جاتی ہے، جو اکاؤنٹ میں شمار نہیں ہوتی.
  • اتفاقیہ چھٹی (Casual Leave): سال بھر میں کل 25 اتفاقیہ چھٹیاں ملتی ہیں، جو مین لیو اکاؤنٹ سے نہیں کٹتیں.

یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: سرکاری کام کے دنوں میں تبدیلی سے متعلق وائرل سرکلر جعلی قرار

حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ چھٹی لینے کے تمام قواعد ہر محکمے کی نوعیت کے لحاظ سے مختلف ہو سکتے ہیں، اس لیے عملی طور پر اپلائی کرنے سے پہلے متعلقہ سروس رولز اور محکمانہ ہدایات کو ضرور ملاحظہ کیا جائے.