مظفرآبادسمیت کشمیر بھرمیں احتجاجی کال مسترد، معمولاتِ زندگی مکمل بحال

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 22 ستمبر کو دی جانے والی احتجاج اور شٹر ڈاؤن کی کال کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، اور دارالحکومت مظفرآباد سمیت کشمیر بھرمیں زندگی کے تمام معمولات حسبِ معمول رواں دواں ہیں۔

مظفرآباد میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال کے باوجود صبح 10 بجے تک شہر میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر جاری رہے اور تمام بڑے بازار کھلے رہے۔ شہر میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں جبکہ سڑکوں پر بھی عام دنوں کی طرح ٹریفک کی چہل پہل دیکھی گئی۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ایک ہی کال پر پورا شہر بند ہو جایا کرتا تھا، مگر آج کی صورتحال اس کے بالکل برعکس نظر آئی ہے۔

ضلع جہلم ویلی اور گڑھی دوپٹہ میں صورتحال:

اسی طرح ضلع جہلم ویلی کے مختلف علاقوں بشمول ہٹیاں بالا، چکار چناری، چکوٹھی اور وادیٔ لیپہ میں بھی تمام بازار کھلے رہے اور کاروباری سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔ گڑھی دوپٹہ کے بازار بھی معمول کے مطابق کھلے رہے اور لوگ اپنے روزمرہ کے امور میں مصروف دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد کے شہریوں نےکالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا

اس موقع پر شہریوں اور تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ ایسی کسی بھی کال کا حصہ بننا ہرگز پسند نہیں کرتے جس کی وجہ سے ان کا کاروبار اور زندگی کے معمولات شدید متاثر ہوں۔ شہریوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مسائل کے حل کے لیے احتجاج کا راستہ اپنانے کے بجائے مذاکرات اور آئینی و قانونی طریقہ کار کو اختیار کیا جانا چاہیے۔

ضلعی انتظامیہ :

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بھی اس بات کی مکمل تصدیق کی گئی ہے کہ ضلع مظفرآباد میں تمام مارکیٹس معمول کے مطابق کھلی ہوئی ہیں، ہر قسم کی پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سڑکوں پر رواں دواں ہے، تمام روڈز کھلی ہیں اور تمام تعلیمی ادارے بھی معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے جملہ اہلیانِ مظفرآباد سے گزارش کی ہے کہ وہ انٹرنیٹ کی میسر سہولت کا مثبت استعمال کریں اور کسی بھی قسم کی جھوٹی خبروں یا پروپیگنڈے کا حصہ بننے سے گریز کریں۔

رپورٹ کے مطابق، آزاد کشمیر بھر میں عوام ایکشن کمیٹی کی کال بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب سے آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے اس کمیٹی کو کالعدم قرار دیا ہے، تب سے عوام کی حمایت اس کے ساتھ ختم ہو چکی ہے کیونکہ آئے روز کی ہڑتال کال سے عوام تنگ آ چکی ہے۔ مزید یہ کہ ریاست کے سلامتی اور دفاعی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا شروع کرنے کی وجہ سے عوام نے ان سے لاتعلقی اختیار کر لی ہے، اور مہنگائی کے اس دور میں دیہاڑی دار مزدور، دکاندار اور ٹرانسپورٹر اب مزید اس طرح کے لاک ڈاؤن یا احتجاج برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔