وزیر جنگلات ان ایکشن، افسران سے شجرکاری کے اعداد و شمار کی رپورٹس طلب

سماہنی (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر جنگلات و فشریز حکومت آزاد کشمیر کرنل (ر) وقار احمد نور کا سماہنی کا دورہ، جنگلات کے تحفظ، فنڈز کے استعمال، شجرکاری اور فائر سیزن کے حوالے سے متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ لی۔

اس موقع پر نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ سماہنی چوہدری محمد رزاق، سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مقصود احمد خان اور سابق ایڈمنسٹریٹر راجہ غلام ربانی،سب ڈویژنل مجسٹریٹ سردارمحمدپرویز خان،چیئرمین ٹاون کمیٹی راجہ ذوالقرنین خان، بھی دیگر معززین و افسران بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے جنگلات میں قیمتی لکڑی گلنے سڑنے لگی، ٹمبر مافیا کے سرگرم ہونے کا انکشاف

وزیر جنگلات و فشریز کرنل (ر) وقار احمد نور نے متعلقہ افسران سے جنگلات کی موجودہ صورتحال، جنگلات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات، ترقیاتی فنڈز کے استعمال، شجرکاری مہم اور شجرکاری کی رپورٹس کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔

انہوں نے فائر سیزن کے دوران جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات آزادکشمیر کا قیمتی قدرتی اثاثہ ہیں، ان کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی بروقت روک تھام، غیر قانونی کٹائی کی حوصلہ شکنی اور شجرکاری کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیر جنگلات نے شجرکاری کے دوران لگائے گئے پودوں کی نگہداشت اور ان کی بقا کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ شجرکاری کے اعدادوشمار پر رپورٹس مرتب کرکے جمع کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: گڑھی دوپٹہ: وزیر جنگلات وائلڈ لائف و فشریز وقار احمد نور کا فارسٹ ڈپو کا دورہ

انہوں نے جنگلات کے تحفظ کے لیے متعلقہ محکموں، مقامی انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔

اس موقع پر افسران نے وزیر جنگلات و فشریز کو جنگلات کے تحفظ، شجرکاری اور فائر سیزن کے دوران حفاظتی اقدامات سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔