رانا ثناء اللہ

لانگ مارچ والے باز آجائیں ورنہ اچھی طرح سمجھا دیا جائیگا، رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت لانگ مارچ کرنے والوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم اگر وہ باز نہ آئے تو انہیں ’’اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا‘‘۔

فیصل آباد میں رورل ہیلتھ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس نے عام شہری کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس صورتحال کا ادراک ہے اور عوام کو درپیش مشکلات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے مہنگائی کی بنیادی وجہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت اپنی مرضی سے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مختلف ممالک کی معیشتوں اور عوام پر مرتب ہو رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک مہنگائی کے مسئلے سے دوچار ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں سیاسی احتجاج اور لانگ مارچ کے ذریعے مسائل پیدا کرنے کے بجائے معاملات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا کے کسی دوسرے ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کے دوران لانگ مارچ، مار دھاڑ یا اس نوعیت کے حالات پیدا ہوئے ہیں؟

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کرنے والوں کو معاملات کی سنگینی سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر احتجاج کرنے والے باز نہ آئے تو حکومت کی جانب سے انہیں مزید سخت انداز میں سمجھایا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:توہین عدالت کا جواب وزیر قانون یا وزیر اطلاعات نہیں، وزیر داخلہ دینگے،رانا ثناء اللہ

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور معمولات زندگی کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔