بارسلونا : انڈس ہسپتال کیلئےفنڈریزنگ، معروف اداکار نعمان اعجاز کی شرکت

بارسلونا، سپین (کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان کے سب سے بڑے مفت علاج فراہم کرنیوالے نیٹ ورک، انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کیلئے گزشتہ روز بارسلونا میں ایک پروقار اور جذباتی فنڈ ریزنگ عشائیہ کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا اہتمام فرینڈز آف انڈس ہسپتال سپین چیپٹر کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں بارسلونا، ہاسپٹلیٹ، بادالونا اور گرد و نواح سے پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور فلاحی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار نعمان اعجاز تھے۔ شرکاء نے نعمان اعجاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

نعمان اعجاز نےاپنے خطاب میں کہا کہ انڈس ہسپتال صرف ایک ہسپتال نہیں، یہ غریب کیلئے ایک امید کا نام ہے۔ میں نے اپنی آنکھوں سے وہاں مریضوں کا مفت علاج ہوتے دیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم دیارِ غیر میں بیٹھ کر بھی اپنے ملک کے ان لوگوں کو نہ بھولیں جو علاج کیلئے پریشان ہیں۔

نعمان اعجاز نے کہا بارسلونا کی کمیونٹی نے آج دل جیت لئے ۔تقریب میں انڈس ہسپتال کی نمائندگی ڈاکٹر ظفر زیدی کر رہے تھے۔

ڈاکٹر ظفرزیدی نے حاضرین کو انڈس ہسپتال کے پورے نیٹ ورک پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باغ :تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن، سردار ساجد اقبال کے گھرکی دیوار مسمار

ڈاکٹر ظفر زیدی نے بتایا کہ انڈس ہسپتال اس وقت پاکستان کے 13 سے زائد شہروں میں 15 ہسپتال، 4 فزیکل ری ہیبلیٹیشن سینٹرز اور ملک بھر میں درجنوں پرائمری کیئر کلینکس چلا رہا ہے جہاں روزانہ ہزاروں مریضوں کا بلا معاوضہ علاج کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈس ہسپتال کا 70 فیصد بجٹ اوورسیز پاکستانیوں کے عطیات سے ہی چلتا ہے۔

اس موقع پر سپین کے معروف صحافی اور کمیونٹی رہنما حافظ احمدنے تقریب کی میزبانی اور نظامت کے فرائض نہایت احسن طریقے سے انجام دیئے۔

انہوں نے انڈس ہسپتال کی ٹیم اور بارسلونا کی کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کیا اور لوگوں کو اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔تقریب کے دوران شرکاء نے دل کھول کر عطیات اور ماہانہ ڈونیشنز کا اعلان کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر کونسل کے چار ارکان کی مدت مکمل، نئے انتخاب کا شیڈول اکتوبر میں جاری ہونے کا امکان

کئی افراد نے اپنے خاندان کے نام پر بیڈ سپانسر کرنے کا بھی اعلان کیا۔تقریب میں مقامی پاکستانی بزنس کمیونٹی، پاکستان پریس کلب سپین اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

آخر میں منتظمین کی جانب سے نعمان اعجاز، ڈاکٹر ظفر زیدی، حافظ احمد اور تمام معز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور دعا کی گئی کہ انڈس ہسپتال کا یہ مشن اسی طرح جاری و ساری رہے۔