کشمیر کونسل کے چار ارکان کی مدت مکمل، نئے انتخاب کا شیڈول اکتوبر میں جاری ہونے کا امکان

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کونسل کے چار ارکان کی مدت 19 ستمبر کو مکمل ہوگئی، جس کے بعد شجاع خورشید راٹھور، خواجہ طارق سعید، محمد یونس میر اور سردار عبدالرزاق خان اپنی رکنیت کی مدت پوری ہونے پر فارغ ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کونسل کی خالی ہونے والی چار نشستوں پر نئے ارکان کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، ترجمان پاک فوج

یاد رہے کہ مذکورہ چاروں ارکان نے 23 اگست 2021 کو آزاد جموں و کشمیر کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ اس وقت کے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا تھا۔

حلف اٹھانے والوں میں خواجہ طارق سعید، سردار عبدالرزاق خان، شجاع خورشید راٹھور اور محمد یونس میر شامل تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ضلع بھمبر میں تین ماہ کی طویل بندش کے بعد سبسڈی آٹے کی سپلائی بحال

حلف برداری کی تقریب میں اس وقت کے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے علاوہ راجہ امتیاز طاہر، سردار امتیاز شاہین اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔

چار ارکان کی مدت مکمل ہونے کے بعد اب کونسل کی ان نشستوں پر نئے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کے باضابطہ شیڈول کا انتظار ہے۔