ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل ،عمر بھٹی راجپوت )ضلع جہلم ویلی کے رورل ہیلتھ سینٹرز (RHCs) میں منظور شدہ آسامیوں اور بجٹ کے تقابلی جائزے نے محکمہ صحت کی ترجیحات اور وسائل کی تقسیم کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دئیے ہیں۔
دستیاب بجٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025-26 میں RHC چناری اور RHC چکوٹھی دونوں کیلئے منظور شدہ ملازمین کی تعداد 50،50 ظاہر کی گئی ہے، تاہم ملازمین سے متعلق اخراجات اور بالخصوص الاؤنسز کی مد میں دونوں مراکز کے بجٹ میں نمایاں فرق موجود ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ صحت آزادکشمیر: گزشتہ 6 ماہ میں ہونیوالی بھرتیوں کا ریکارڈ طلب
دستاویزات کے مطابق RHC چکوٹھی کے لیے ملازمین سے متعلق مجموعی اخراجات کا بجٹ 4 کروڑ 10 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ RHC چناری کیلئے 2 کروڑ 94 لاکھ 3 ہزار روپے درج ہے۔ یوں دونوں مراکز کے درمیان تقریباً 1 کروڑ 16 لاکھ 87 ہزار روپے کا فرق سامنے آتا ہے۔
اسی طرح تنخواہوں کی مد میں RHC چکوٹھی کے لیے 2 کروڑ 2 لاکھ 10 ہزار روپے جبکہ RHC چناری کیلئے 1 کروڑ 68 لاکھ 51 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، یعنی تقریباً 33 لاکھ 59 ہزار روپے کا فرق موجود ہے۔
الاؤنسز کی مد میں بھی فرق مزید نمایاں ہے۔ RHC چکوٹھی کیلئے 2 کروڑ 10 لاکھ 69 ہزار روپے جبکہ RHC چناری کیلئے 1 کروڑ 25 لاکھ 52 ہزار روپے درج ہیں، جس کے باعث اس مد میں تقریباً 85 لاکھ 17 ہزار روپے کا فرق بنتا ہے۔
تحقیقاتی جائزے کا ایک اور اہم پہلو افسران کی منظور شدہ آسامیوں سے متعلق ہے۔ دستیاب تفصیلات میں RHC چکوٹھی کے لیے سینئر میڈیکل آفیسر، دو میڈیکل افسران، ڈینٹل سرجن اور چیف ٹیکنیشن (میڈیکل) سمیت متعدد آسامیاں درج ہیں جبکہ RHC چناری کی فہرست میں بنیادی طور پر ایک سینئر میڈیکل آفیسر کی آسامی نمایاں ہے۔ اس کے باوجود دونوں مراکز کیلئے مجموعی منظور شدہ پوسٹیں 50،50 ظاہر کی گئی ہیں۔
یہ اعداد و شمار اس بنیادی سوال کو جنم دیتے ہیں کہ اگر دونوں RHCs میں منظور شدہ پوسٹوں کی مجموعی تعداد برابر ہے تو ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر متعلقہ اخراجات کے بجٹ میں اتنا نمایاں فرق کیوں ہے؟
محکمہ صحت کے لیے یہ وضاحت ضروری بنتی ہے کہ آیا یہ فرق حقیقی تعیناتی، عہدوں کے گریڈ، مخصوص الاؤنسز، اضافی ذمہ داریوں، خالی یا پُر آسامیوں، یا کسی دیگر انتظامی فیصلے کی بنیاد پر ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ RHC چناری سمیت ضلع جہلم ویلی کے دیگر بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ضروریات کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے اور وسائل کی تقسیم کے معیار کو واضح کیا جائے تاکہ کسی بھی مرکز صحت کے ساتھ وسائل کی غیر مساوی تقسیم کا تاثر پیدا نہ ہو۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ صحت کا سٹاف فائنل ،فاروق حیدر وزیر ہیلتھ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کے پرائیویٹ سیکرٹری مقرر
عوامی حلقوں نے وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ دستاویزات میں سامنے آنیوالے اس فرق کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے وضاحت طلب کی جائے اور واضح کیا جائے کہ RHC چکوٹھی اور RHC چناری کے بجٹ میں نمایاں فرق کی انتظامی و مالی بنیاد کیا ہے۔




