بالا کوٹ: آسمانی بجلی گرنے سے 2 مکان تباہ، 2بہنیں جاں بحق،تین افراد زخمی

مانسہرہ (کشمیر ڈیجیٹل)سیاحتی مقام بالاکوٹ کے علاقے منور سیریاں میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آگیا۔

اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان کے مطابق منورسیریاں میں آسمانی بجلی گرنے سے2 گھر تباہ ہوگئے، افسوسناک واقعے میں دو بہنیں جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

آسمانی بجلی سے جاں بحق ہونے والی دو بہنوں میں 10سالہ سدرہ بی بی اور 17سالہ سلمیٰ بی بی شامل ہیں جبکہ مہناز، حلیمہ اور منظور زخمی ہوگئے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور آزاد کشمیر: منگلا نہر میں باپ کا دل دہلا دینے والا اقدام، تین کمسن بچوں کو نہر میں پھینک دیا

اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان کے مطابق متاثرہ خاندانوں کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا ،ایس پی بالاکوٹ ڈویژن صابر خان نےکہنا تھاکہ کاغان پولیس کو موقع پر روانہ کر دیا ہے۔

واضح رہے رواں ہفتے بالاکوٹ کو شدید موسمی حالات کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ 2 روز سے اس سیاحتی مقام کے میدانی علاقے تیز بارشوں کی زد میں رہے

کاغان ویلی بیسر کے بلندو بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔خیبر پختونخوا کے اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سانحہ پمز میں بچ جانے والی بچی ایزل بھی زندگی کی ہار گئی

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔