سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کا ایک اہم اجلاس صدر بار راجہ ضغیم افتخار ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز ہونے والے اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ قرارداد اور مطالبات کی منظوری:
اجلاس کے دوران ایسوسی ایشن کے صدر راجہ ضغیم افتخار، جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداران و ممبران نے بھرپور شرکت کی اور ایک متفقہ قرارداد منظور کی۔ اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز ہونے والا اضافہ عوام کے لیے اب ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کی مشکلات میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیزل 500اور پیٹرول کی قیمت 430 روپے لیٹر تک جا سکتی، حفیظ پاشا
قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ قیمتوں کے تعین کے نظام میں مکمل شفافیت لائی جائے تاکہ عوام کو اصل حقائق کا پتہ چل سکے۔ اجلاس کے آخر میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کے لیے ہنگامی اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔




