چیمپئنز ٹرافی

پاکستان کا بھارت میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار

پاکستان نے بھارت میں شیڈول ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے حوالے سے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے باضابطہ طور پر رابطہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے میچز بھارت کے بجائے کسی غیر جانب دار مقام پر منعقد کرنے کی درخواست کی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:زمبابوے نے پاکستانی نژاد سکندر رضا کو ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی سونپ دی

پی ایچ ایف حکام کے مطابق یہ درخواست پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ دوطرفہ حساس صورتحال اور خطے میں سیکیورٹی سے متعلق حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ان کے لیے محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے۔

پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت اور عالمی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت ان تمام ممالک کیخلاف کھیلنے کیلئے تیار ہے جو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے رکن ہیں، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر میچز کے لیے نیوٹرل مقام کا انتظام کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنے کے اصول پر یقین رکھتا ہے اور ہاکی کے میدان میں مثبت اور صحت مند مقابلے کے فروغ کا خواہاں ہے۔

محی الدین احمد وانی نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی درخواست پر ہمدردانہ اور مثبت غور کرے گی۔

واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کا انعقاد 24 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت میں شیڈول ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایشین چیمپیئنز ٹرافی، فیڈریشن نے ہاکی ٹیم کا بھارت جانا حکومتی اجازت سے مشروط کردیا

ٹورنامنٹ میں ایشیا کی نمایاں ہاکی ٹیمیں شرکت کرینگی جبکہ پاکستان کی جانب سے نیوٹرل وینیو کی درخواست پر حتمی فیصلہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیا جائیگا۔