سرکاری افسران

حکومت کا سرکاری افسران کے اثاثوں کی تفصیلات ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے گریڈ 17اور اس سےاُوپر کے سرکاری افسران کے اثاثوں کی تفصیلات ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اسٹبلشمنٹ ڈویژن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اشتراک سے سرکاری افسران کے اثاثوں اور آمدن کی تفصیلات آن لائن جمع کرانے کا نظام نافذ کر دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:درآمدی گاڑیوں پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کے تعین سےمتعلق ایف بی آر کا اہم فیصلہ

اسٹبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گریڈ 17 یا اس سے بالاتر تمام افسران اب اپنے اثاثوں اور آمدن کی تفصیلات دستی طریقے کے بجائے ایف بی آر کے مخصوص آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کیلئے سرکاری افسران کی ڈیجیٹل اثاثہ ڈیکلریشن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

متعلقہ افسران کو مقررہ مدت کے اندر اپنی آمدن اور اثاثوں کی مکمل تفصیلات آن لائن فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سرکاری افسران کی آمدن اور اثاثہ جات کی ڈیکلریشن کو سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 15-A کے تحت ڈیجیٹل کیا جائے گا جبکہ سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 کے تحت گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کیلئے آن لائن اثاثہ ڈیکلریشن جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایف بی آر پورٹل پر اکاؤنٹ بنانے کیلئے افسران کو اپنا نام، عہدہ، ذاتی ای میل، موبائل نمبر اور شناختی کارڈ نمبر فراہم کرنا ہوگا۔

افسران کو ایسی ذاتی ای میل فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو ان کی سرکاری تعیناتی یا کیڈر تبدیل ہونے سے متاثر نہ ہو۔

اس مقصد کیلئے متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر افسران کی مطلوبہ تفصیلات ایف بی آر کو فراہم کرے گا، جس کے بعد ایف بی آر کی جانب سے اکاؤنٹ بنانے سے متعلق افسران کو اطلاع دی جائے گی۔

ایف بی آر پورٹل پر اکاؤنٹ فعال کرنے کیلئے افسران اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے لاگ اِن کرسکیں گے۔ پاس ورڈ بھول جانے کی صورت میں ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے ون ٹائم پاس ورڈ فراہم کیا جائے گا۔

پورٹل پر لاگ اِن ہونے کے بعد افسران اپنے ڈیش بورڈ میں موجود ’ڈیکلریشن‘ کے آپشن کے ذریعے آمدن اور اثاثوں سے متعلق مطلوبہ معلومات درج کرکے گوشوارہ جمع کرا سکیں گے۔

اعلامیے میں تمام متعلقہ سرکاری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اثاثوں اور آمدن سے متعلق مطلوبہ معلومات درست اور مکمل طور پر فراہم کریں اور 30 اکتوبر 2026 تک ڈیجیٹل اثاثہ ڈیکلریشن لازماً مکمل کریں۔

ایف بی آر سرکاری افسران کی جانب سے جمع کرائے گئے اثاثہ جات کے گوشواروں کی رسک بیسڈ چیکس کے ذریعے جانچ کرے گا۔ اعلامیے کے مطابق اثاثہ جات کے گوشواروں میں شامل غیر حساس معلومات ویب سائٹ پر عوام کیلئے بھی شائع کی جائیں گی۔

اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے افسران کو گوشوارے جمع کراتے وقت معلومات کی درستگی اور مکمل ہونے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ غلط بیانی، معلومات چھپانے یا اثاثہ جات کا گوشوارہ جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق جمع کرائے گئے اثاثہ ڈیکلریشن میں موجود کسی غلطی کی اصلاح کیلئے 30 نومبر 2026 تک کی مہلت دی گئی ہے۔

گوشوارہ کامیابی سے جمع ہونے کے بعد وہ افسر کے ایف بی آر پورٹل پر موجود ’سبمٹڈ ٹاسکس‘ کے ٹیب میں ظاہر ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر نے موبائل فون برانڈز کے لیے نئی کسٹم ویلیوز کا اعلان کر دیا

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل اثاثہ ڈیکلریشن جمع کرانے کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش آنے کی صورت میں متعلقہ افسر اپنے کیڈر ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ کرے۔