پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ہاکی ٹیم کا آئندہ ماہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کیلئےبھارت کا دورہ حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے دورہ بھارت اور ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ حکومت کی منظوری سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:قومی ہاکی چیمپئن شپ کی انعامی رقم میں 10 گنا اضافہ
وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کی ذمہ داریاں بھی انجام دینے والے محی الدین احمد وانی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن حکومت کے فیصلے کی پابندی کرے گی۔
محی الدین احمد وانی نے کہا کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کے پاکستان کی ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے بیان سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موقف پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے کہا تھا کہ پاکستان ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شریک 6 ٹیموں میں شامل ہوگا۔
انہوں نے موہالی میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں کوئی مسئلہ نہیں تاہم شاید بھارت اور پاکستان کے درمیان انفرادی سیریز نہیں ہوسکتیں۔
ایشین چیمپیئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت میں شیڈول ہے، جس میں میزبان بھارت کے علاوہ پاکستان، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ٹورنامنٹ کے لیگ میچز جالندھر میں کھیلے جائیں گے جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل موہالی میں ہوں گے۔
بھارتی کھیلوں کی پالیسی کے تحت دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی ہے تاہم بھارتی وزارت کھیل کا موقف ہے کہ اولمپک چارٹر کے تحت دونوں ممالک کثیر ملکی مقابلوں میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل سکتے ہیں۔
پاکستان نے گزشتہ سال مئی میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تمل ناڈو میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔
بھگونت مان نے کہا کہ یکم نومبر کو جالندھر میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مجوزہ میچ ٹورنامنٹ کی خاص کشش میں شامل ہوگا اور یہ مقابلہ پنجاب ڈے کے موقع پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی کے میدان میں بھارت اور پاکستان کی اپنی رقابتیں ہیں تاہم کھیل کی اپنی زبان ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقا کو شکست ،پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈکپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی
اس موقع پر موجود ہاکی انڈیا کے سیکرٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے دونوں ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان تعلقات کو بہترین قرار دیا، ایشین چیمپیئنز ٹرافی ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد کی جارہی ہے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 27 اکتوبر کو جالندھر سے ہوگا جبکہ فائنل 5 نومبر کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔




