امریکی مخالفت کے باوجود ایران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی( آئی اے ای اے) کی جنرل کمیٹی کا رکن بننے میں کامیاب ہوگیا۔
ویانا میں آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس کی جنرل کمیٹی کا رکن ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا گیا جس میں ایجنسی کے اراکین نے ایران کی حمایت میں ووٹ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران تنازع میں امریکا کو کتنا نقصان ہوا؟امریکی رپورٹ میں ہی حیران کن انکشاف
اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا کہ ایران کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جنرل کانفرنس کی جنرل کمیٹی کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے، باوجود اس کے کہ امریکا نے ایران کے انتخاب کو روکنے کی کوشش کی تھی۔
ایرانی مشن نے منگل کو ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آئی اے ای اے کے رکن ممالک نے ایران کی رکنیت کے حق میں ووٹ دیا۔
ایران کی اٹامک انرجی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال واندی نے کہا کہ امریکا نے ہرممکن کوشش کی تھی کہ وہ ایسا نہ ہونے دے تاہم یہ کوششیں ناکام رہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے پیر کو ایرانی اٹامک انرجی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی کو اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کے ویانا میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں شرکت سے روکے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ رکن ملک کی حیثیت سے ایران کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ کو اجلاس میں شرکت سے روکنے کے اقدام پر ایران کے نمائندے نے شدید احتجاج کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران میں گرنے والا امریکی پائلٹ دو دن تک کیسے چھپا رہا؟ کہانی سامنے آگئی
ایران کے جوہری ایجنسی میں سفیر رضا نجفی نے جنرل کانفرنس میں مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مکمل اور مؤثر شرکت میں رکاوٹ ڈال کر رسائی سے انکار، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے اجلاسوں میں شرکت سے متعلق قانونی فریم ورک کی روح اور شقوں، دونوں کی خلاف ورزی ہے۔




