اسلام آباد:آزادکشمیر میں صدارتی انتخاب 24ستمبر کو ہوں گے جس کیلئے گہما گہمی شروع ہو چکی ہے اور ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے ممکنہ امیدوار کیلئے سابق وزیر حکومت ڈاکٹر نجیب نقی کو فائنل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ مری میں مسلم لیگ(ن)کے اہم اجلاس میں آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب پر مشاورت کی گئی ، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثناءاللہ اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ غلام قادر کو صدرِ ریاست بنانے کی خبریں بے بنیاد ہیں: مسلم لیگ ن آزادکشمیر
ذرائع کے مطابق پونچھ ڈویژن کی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی کے نام کو ترجیح دی گئی جبکہ اجلاس میں سابق وزراء چوہدری محمد سعید اور مشتاق منہاس کے نام پر بھی غور کیا گیا۔
ڈاکٹر نجیب نقی کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کا اعلان آئندہ ایک روز میں متوقع ہے،آزاد کشمیر اسمبلی میں ن لیگ کی واضح عددی برتری کی وجہ سئ پارٹی قیادت امیدوار کی کامیابی کے لیے پُراعتماد ہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی سدھنوتی سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار اسمبلی بھی ہیںاور ان کا مقابلہ پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے مشترکہ امیدوار مولانا سعید یوسف سے ہونا تھا۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے بھی صدارتی انتخاب کے لیے سیاسی رابطے جاری ہیں اور سابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدواروں میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلان کردہ شیڈول کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر کا انتخاب 24 ستمبر 2026 کو ہوگا، جبکہ صدرِ آزاد جموں و کشمیر کا یہ انتخاب اکثریت کی بنیاد پر عمل میں لایا جائے گا۔
صدارتی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 19 ستمبر کو جمع ہوں گے۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ریٹرننگ آفیسر اور چیف الیکشن کمشنر کے پاس جمع کرا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر آزادکشمیر کون؟ ڈاکٹرنجیب نقی اور شاہ غلام قادر صدارتی منصب کیلئے مضبوط امیدوار
اسی روز یعنی 19 ستمبر کو ہی چیف الیکشن کمشنر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11:30 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگی۔ پولنگ کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسی روز ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور حتمی نتائج کا اعلان بھی اسی روز کر دیا جائے گا۔




