وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اسلام آباد سے 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں جن میں سے 42ہزار 933 کو رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے۔
پیرکے روز وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت پر اعلیٰ سطحی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، 15 ستمبر کیلئے نوٹیفکیشن جاری
اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے اوررجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کردی جائے گی جبکہ ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پٹرول پر ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔
شہباز شریف نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔
انہوں نے فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں، اسکیم کی کامیابی کے لیے عوام کو بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز سے پیر کی سہ پہر تک 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہو چکے ہیں، موصول ایس ایم ایس میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزار پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے لیے کامیابی سے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے لیے رجسٹریشن میں صرف 4 معلومات درکار ہوں گی، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اس اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار 4 بنیادی معلومات ہیں فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ریلیف پیکیج کی منظوری دیدی
دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم شہبازشریف کے فیول ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم لیوی میں کمی کے بجائے موٹرسائیکل مالکان کو 2 ہزار روپے دینے کا فیصلہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیول ریلیف اسکیم کے لیے 75 ارب کی گرانٹ منظور کی گئی۔
موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کو ہفتہ وار 500 روپے جب کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کو ہر 10 روز میں 1000 روپے کا فیول ریلیف دیا جائے گا، اسکیم صرف غیر کمرشل صارفین کے لیے مختص ہوگی اور ایک صارف یا مالک صرف ایک گاڑی کے لیے ریلیف حاصل کرسکے گا۔




