وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایشیا کپ کی فاتح بھارتی ویمنز ٹیم کی جانب سے چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اسپورٹس اور بین الاقوامی معاہدوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
اتوار کو بھارتی ویمنز ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر 8ویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
یہ بھی پڑھیں:کرکٹ ایک بار پھر سیاست کی نذر، بھارتی ویمن ٹیم کا ایشیاء کپ جیت کر ٹرافی لینے سے انکار، محسن نقوی بھی ڈٹ گئے
ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی ویمنز ٹیم نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کرکے ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست کی نذر کر دیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے بھارتی ویمنز ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر کہا ہے کہ بھارت سفارتی و عسکری میدان میں شکست کے بعداسپورٹس کلچر کوبھی نقصان پہنچا رہا۔
طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت ٹرافی لے نہ لے یہ سفارتی اور عسکری میدان میں شکست کی خفت مٹانا چاہتا ہے۔پاکستان نےکبھی بھی کھیل کو سیاست کی نذر نہیں کیا، بھارت اسپورٹس اور بین الاقوامی معاہدوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ دنیا کا کوئی ملک نہیں کھڑا، محسن نقوی مصروفیات کے باوجود گراؤنڈ میں موجود تھے ،نفرت کی سوچ کے ساتھ بھارت عالمی سطح پر تنہا ہوتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کئی لوگ اپنا بغض محسن نقوی پر نکالتے ہیں، شاید انکی توقعات وزیر داخلہ سے پوری نہیں ہوتیں، طلال
واضح رہے کہ دبئی میں ویمنز ٹی 20ایشیا کپ فائنل کے انعامات دینےکی تقریب ہوئی جس میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے۔
تاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم کے باہر دائرہ بناکر موجود رہی اور گراؤنڈ میں نہیں آئی جس کے باعث بھارتی ٹیم کے بغیر ہی تقریب مکمل ہوئی اور بھارتی ویمنز ٹیم نے ٹرافی وصول نہیں کی جس پر ٹرافی اے سی سی نے رکھ لی۔




