آزاد کشمیر میں بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوان طبقے کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی جانب سے نوجوانوں اور ہنر مند افراد کے لیے آسان شرائط پر ایک نئی لون سکیم متعارف کروائی گئی ہے، جو خطے سے بے روزگاری کے خاتمے کا ایک بڑا سبب بنے گی۔
کشمیر ڈیجیٹل کی اس خصوصی رپورٹ کے مطابق، وادی نیلم کنٹرول لائن سے نامہ نگار راجہ ساجد خان نے بتایا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی جانب سے خطے سے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے یہ اقدامات انتہائی لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے منصب سنبھالتے ہی پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے آسان شرائط پر قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنا باعزت روزگار شروع کر سکیں۔
خواتین، ہنر مند افراد اور عوامی جذبے:
اس اسکیم کے تحت نہ صرف پڑھے لکھے نوجوانوں بلکہ آزاد کشمیر کے ہنر مند خواتین و حضرات کے لیے بھی آسان شرائط پر لون سکیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ قرض لے کر اپنے خاندان کی بہتر کفالت کر سکیں۔ وادی نیلم کے عوام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کیونکہ آزاد کشمیر میں حکومت ہے اور افتخار گیلانی ایک پڑھے لکھے اور سنجیدہ نوجوان ہیں جو کہ نوجوانوں کی امیدوں کا محور ہیں، اس لیے ان کی یہ کاوش قابلِ تحسین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آمنہ بلوچ سبکدوش، عاصم افتخار پاکستان کے نئے سیکرٹری خارجہ مقرر، نوٹیفیکیشن جاری
مقامی شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعظم افتخار گیلانی کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بلا تفریق تمام حقدار اور اہل نوجوانوں کو اس لون سکیم کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔ ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ جو بھی اس کرائیٹیریا پر پورا اترتا ہے، خواتین ہوں یا مرد حضرات، انہیں بلا رکاوٹ قرضہ مل سکے۔
روزگار کے مواقع اور وادی نیلم کے غیور عوام کا کردار:
عوام کا یہ بھی ماننا ہے کہ تقریباً 40 سے 45 لاکھ کی آبادی میں نوجوانوں کی اکثریت ہے اور حکومت تمام نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں یا روزگار فراہم نہیں کر سکتی۔ لہٰذا، اس بہتریں لون سکیم کا جلد از جلد نفاذ عمل میں لایا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہو کر اپنا ذاتی روزگار قائم کر سکیں اور ہنر مند خواتین و حضرات بھی اپنی فیملی کی کفالت کے لیے روزگار کے قابل ہو سکیں۔
اگر وادی نیلم کی بات کریں تو یہ سارے کا سارا ایریا کنٹرول لائن کے اوپر واقع ہے اور یہاں کے نوجوان ویسے بھی حساس نوعیت کے حالات کا سامنا کرتے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے 14 سے 15 سال تک بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اپنا علاقہ نہیں چھوڑا اور افواج پاکستان کے ساتھ بلا تنخواہ سپاہی کا کردار ادا کرتے ہوئے ہمیشہ افواج پاکستان کے پشت بان رہے ہیں۔ ہر اس جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے لیے کشمیری قوم جانی جاتی ہے، ایسے میں وادی نیلم اور آزاد کشمیر بھر کے نوجوانوں کے لیے وزیراعظم افتخار گیلانی کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی یہ قرض سکیم ایک انتہائی احسن اقدام ہے۔




