عوامی اتحاد فورم وفد کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات، پونچھ کے مسائل پر تبادلہ خیال

اسلام آباد : عوامی اتحاد فورم سدھنوتی کے ایک نمائندہ وفد نے سابق وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی کے ہمراہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے ملاقات کی ہے، جس میں پونچھ کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور خطے میں امن و سیاسی عمل کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وفد کا کہنا تھا کہ پونچھ کے عوام محبِ وطن، بہادر اور لازوال تاریخ کے وارث ہیں، اس لیے تمام موجودہ مسائل کا حل مذاکرات، افہام و تفہیم اور سیاسی بصیرت کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، جبکہ پونچھ کے سات حلقوں میں فوری طور پر انتخابات کروا کر عوام کو دوبارہ سیاسی عمل کا حصہ بنایا جائے۔

وفد کے مطالبات اور وزیراعظم کی جانب سے احکامات:

ملاقات کے دوران وفد نے انٹرنیٹ کی مسلسل بندش سے کاروبار، تعلیم اور مواصلات میں پیدا ہونے والی شدید مشکلات، پونچھ سے سرکاری دفاتر کی منتقلی کی افواہوں پر تحفظات، سدھنوتی میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کے مسائل اور پنجاڑ کہوٹہ کے مقام پر ناکے کا معاملہ اٹھایا۔ وفد نے یہ بھی نشاندہی کی کہ گوراہ اور آزاد پتن فلور ملز گزشتہ تقریباً تین ماہ سے بند پڑی ہیں، جس کے باعث سدھنوتی کے عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپا کے لیے بڑا ترقیاتی منصوبہ، بیس کلومیٹر سڑک پہلے سو روزہ پلان میں شامل ہونے کا امکان

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہلیانِ پونچھ کی قربانیاں تاریخ کا ایک سنہری باب ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پونچھ سے کوئی بھی سرکاری دفتر منتقل نہیں کیا جائے گا بلکہ حکومت کے سو روزہ ترقیاتی پلان میں پونچھ کو دیگر ڈویژنز کے برابر شامل کر کے ترقیاتی کام بلاامتیاز کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے محکمہ خوراک کو سخت ہدایات جاری کیں کہ سدھنوتی کی فلور ملز کو فوری طور پر گندم کی ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ سستے آٹے کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پنجاڑ کہوٹہ ناکے، انٹرنیٹ کی بحالی اور ایندھن کی سپلائی کے جملہ مسائل کو متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اور پونچھ میں امن کی بحالی اور انتخابات کے انعقاد کے ذریعے عوام کو دوبارہ مکمل سیاسی عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔