راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان کی سابق صدر و وزیراعظم آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان سےاہم ملاقات ۔
ملاقات میں پونچھ دھرنے اور آزادکشمیر کی سیاسی ، پونچھ الیکشن صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان پونچھ کے الیکشن سمیت دیگر سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی ۔
دونوں رہنماؤں نے ریاستی تشخص، داخلی خودمختاری اور کشمیر بنے گا پاکستان کے مؤقف پر سمجھوتہ نہ کرنے پر اتفاق کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شر پسند کالعدم ایکشن کمیٹی کی بزدلانہ کارروائی میں زخمی رینجرز اہلکار شہید
پونچھ کے عوام کے مسائل کا پرامن مذاکراتی حل، انٹرنیٹ کی بحالی اور اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب سردار عتیق احمد خان کی سردار یعقوب خان سے حالیہ ملاقات کے بعد مسلم کانفرنس میں شدید اختلافات کھل کر سامنے آگئے ۔
مسلم کانفرنس کے سینئر عہدیداران نے دونوں رہنمائوں کی ملاقات پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی صفوں میں دراڑ ڈالنے کے مترادف قرار دیدیا۔
سینئر رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ سردار یعقوب خان ان کے حلقے میں مسلم کانفرنس کے امیدواروں کیخلاف انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
ایسے حالات میں پارٹی سربراہ کی جانب سے سردار یعقوب خان کے ساتھ ملاقاتیں کارکنوں اور پارٹی قیادت کیلئے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:‘ڈریسنگ روم لیکس انکوائری: امام الحق ،محمد رضوان کے موبائل این سی سی آئی اے کے سپرد
ذرائع کے مطابق پارٹی کے اندر سے یہ آوازیں بھی اٹھ رہی ہیں کہ اگر مخالف امیدواروں کے ساتھ سیاسی مفاہمت کی جائے گی تو جماعتی نظریہ کہاں رہ جائےگا۔
جماعتی عہدیداروں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیادت اپنی ہی جماعت مسلم کانفرنس کے نظریئے، تنظیم اور کارکنوں کی حیثیت کو چیلنج کررہے ہیں۔
یہ ملاقات محض ایک سیاسی ملاقات ہے یا مسلم کانفرنس کے اندر کسی بڑی سیاسی صف بندی کا آغاز؟مسلم کانفرنس اس وقت ایک اہم اندرونی بحران کے دوراہے پر کھڑی دکھائی دیتی ہے۔




