پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 133 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
میچ کے پہلے روز کے اختتام پر انگلش ٹیم کو 23 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے جب کہ اس کے چار کھلاڑی بھی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ممنوعہ ادویات کا استعمال: بھارتی کبڈی ٹیم سلور میڈل سے محروم
ایجبسٹن میں جاری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے میچ کے پہلے روز کے اختتام تک چار وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لیے۔ میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں پاکستان پر 23 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے ایمیلیو گے 114 گیندوں پر 60 رنز کی اہم اننگز کھیلینے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
بین ڈکٹ 11 جب کہ جورڈن کوکس 4 جب کہ کپتان جوئے روٹ 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ہیری بروک ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 76 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ان کے ہمراہ ڈین لارنس کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ گزشتہ دو ٹیسٹ میچز میں ناقص کاکردگی کے بعد قومی ٹیم تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں بھی بیٹنگ کے شعبے میں مشکلات کا شکار نظر آئی۔
سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے میدان میں اترنے والی پاکستانی ٹیم، چار تبدیلیوں کے باوجود انگلش باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کا ڈٹ کر سامنا نہ کرسکی۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ یہاں تک کہ 8 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹیم میں کم بیک کرنے والے اوپنر صائم ایوب اور اذان اویس نے کیا، تاہم صائم ایوب محض 8 رنز پر اولی رابنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ صرف 8 رن کے مجموعی اسکور پر گری، جب صائم ایوب 10 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے اولی رابنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔یہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد اولی رابنسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹیج 4 کینسر اور 18 گھنٹے طویل سرجری: سابق ہاکی کپتان محمد ثقلین نے زندگی کی جنگ جیت لی
قومی ٹیم کے دوسرے اوپنر اذان اویس بھی 20 گیندوں پر 9 رنز بنانے کے بعد محض 14 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ تیزی سے بکھرتی چلی گئی۔
عبداللہ شفیق 16 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 گیندوں پر 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو پانچواں نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کپتان بابر اعظم 18 گیندوں پر 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد غازی غوری 4، محمد عمران 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مسلسل گرتی وکٹوں کے درمیان سعود شکیل واحد بلے باز تھے جنہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی محتاط اننگز کھیلی، تاہم کھانے کے وقفے کے فوراً بعد وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔
ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے رضاءاللہ 11 جب کہ محمد عباس 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی کھلاڑی کو اشارہ کرنا مہنگا پڑ گیا، کپتان فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 4، جب کہ جوفرا آرچر اور اولی رابنسن نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کو سیریز میں پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے جہاں اس نے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 194 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔




