مظفرآباد: کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی 9 ستمبر کی احتجاجی کال شہریوں نے مسترد کر دی

مظفرآباد میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9 ستمبر کو دی جانے والی احتجاجی کال کو مقامی شہریوں نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ مظفرآباد شہر میں تمام کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ روز روز کے احتجاج اور ہڑتال کی کالوں سے عام آدمی کا روزگار اور زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، لہٰذا اب مزید کسی ہڑتال کا حصہ نہیں بنا جائے گا۔

شہریوں کا سنجیدہ مذاکرات اور حل پر زور

شہریوں کے مطابق ایکشن کمیٹی کو اب مسلسل احتجاجی کالیں دینے کے بجائے درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں، جبکہ دوسری جانب حکومت کو بھی تمام تر معلقہ معاملات پر بیٹھ کر بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ عام عوام کو درپیش مشکلات کا مستقل خاتمہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم ویلی میں 4جی ٹاورز نصب، ایس سی او نے دور دراز علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کردیا

عوامی مطالبات سے ذاتی ایجنڈے تک

مظفرآباد کے رہائشیوں نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک معاملہ حقیقی عوامی مطالبات کا تھا، اس وقت تک تمام شہری ایکشن کمیٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے تھے، لیکن اب حالات مختلف ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اب کمیٹی اپنے ذاتی ایجنڈے اور انا کی بنیاد پر کام کر رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام اب ان کی کسی بھی ہڑتال یا احتجاج کا حصہ بننے کے لیے بالکل تیار نہیں ہیں۔ شہریوں نے واضح کیا ہے کہ 9 ستمبر کو شہر میں تمام کاروبار معمول کے مطابق جاری رہے گا اور کسی کو بھی کاروباری مراکز زبردستی بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ہائی کورٹ: کشمیر بینک اور ٹوبیکو کمپنیوں کے مقدمات کی نئی تاریخیں مقرر