ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر (کشمیر بینک) کے صدر کی تعیناتی اور ٹوبیکو کمپنیوں کی جانب سے سی بی آر و ان لینڈ ریونیو کے خلاف دائر کردہ مختلف مقدمات کی سماعت کے لیے آئندہ کی تاریخیں مقرر کر دی گئی ہیں۔ عدالتِ عالیہ کے باہر موجود نمائندے کے مطابق مختلف آئینی و قانونی درخواستوں پر الگ الگ بنچوں نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے نئی تاریخوں کا اعلان کیا۔
کشمیر بینک صدر تعیناتی کیس اور توہینِ عدالت کی درخواستیں
کشمیر بینک کے صدر کی تعیناتی اور اس سے متعلق توہینِ عدالت کی مختلف درخواستوں کی سماعت سینئر جج ہائی کورٹ جسٹس سید شاہد بہار کی عدالت میں ہوئی۔ ان مقدمات میں ‘محمد ایوب خان بنام خوشحال خان’ (توہینِ عدالت)، جبکہ ‘ایوب خان بنام آزاد حکومت’ اور ‘شاہد اقبال بنام آزاد حکومت’ کی رٹ پٹیشنز شامل ہیں۔ عدالت نے تمام فریقین کے موقف اور آئینی نکات کا جائزہ لینے کے بعد مقدمات کی آئندہ سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی ایچ او مظفرآباد تعیناتی کیس، سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے
ٹوبیکو کمپنیوں کی ان لینڈ ریونیو کے خلاف درخواستیں
دوسری جانب، جسٹس محمد اعجاز خان اور جسٹس چوہدری خالد رشید پر مشتمل دو رکنی بنچ کے روبرو والٹن ٹوبیکو کمپنی اور چنار ٹوبیکو کمپنی سمیت دیگر سائائلین کی جانب سے سی بی آر، آزاد حکومت اور راجہ اشتیاق خان وغیرہ کے خلاف دائر کردہ یکساں نوعیت کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام مقدمات کی آئندہ سماعت کے لیے 4 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔




