آزاد جموں و کشمیر کی نیلم ویلی کے دور دراز علاقوں میں جدید مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (SCO) نے نئے 4G ٹاورز نصب کر دیے ہیں۔
اس اقدام کے بعد وادی کے مختلف علاقوں میں مقامی آبادی کو ہائی اسپیڈ موبائل انٹرنیٹ کی بہتر سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی جی ایس سی او آزادکشمیر کا بڑا اقدام،4 بڑے منصوبے لانچ ، افتتاح کردیا
ایس سی اوکی جانب سے مواصلاتی انفراسٹرکچر میں توسیع کا مقصد ان علاقوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات سے منسلک کرنا ہے جہاں جغرافیائی اور دشوار گزار زمینی حالات کے باعث مواصلاتی نیٹ ورک کی فراہمی ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔
نئے 4G ٹاورز کی تنصیب سے نہ صرف موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کے لیے آن لائن رابطے اور ڈیجیٹل خدمات تک رسائی بھی آسان ہوگی۔
نیلم ویلی کے طلبہ کے لیے تیز رفتار انٹرنیٹ تعلیمی مواقع میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ آن لائن کلاسز، تعلیمی مواد، تحقیق اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک رسائی بہتر ہونے سے دور دراز علاقوں کے طلبہ کو جدید تعلیمی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے مزید مواقع ملیں گے۔
اسی طرح مقامی کاروباری افراد بھی بہتر انٹرنیٹ سروس کے ذریعے آن لائن کاروبار، ڈیجیٹل ادائیگیوں، سوشل میڈیا مارکیٹنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں گے۔
بہتر مواصلاتی رابطہ سیاحت کے شعبے کے لیے بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ نیلم ویلی میں آنے والے سیاحوں کو رابطے اور آن لائن سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔
علاقے کے مکینوں کے مطابق جدید مواصلاتی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی کی جانب اہم پیش رفت: ایس سی او کا بڑا منصوبہ
نئے 4G ٹاورز کی تنصیب کو نیلم ویلی کو ڈیجیٹل دنیا سے مزید جوڑنے اور مقامی آبادی کو تعلیم، کاروبار اور مواصلات کے شعبوں میں بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ آزادکشمیر حکومت کی جانب سےآزادکشمیر کے دواضلاع نیلم ویلی اور جہلم ویلی میں مکمل انٹرنیٹ بحال کیا گیا ہے۔




